نئی دہلی،سماج نیوز سروس: جب بی جے پی نے دہلی والوں کو پانی کے بڑھے ہوئے بلوں سے راحت فراہم کرنے کے لیے لائی جانے والی اسکیم کو روک دیا تو وزیر اعلی اروند کیجریوال خود ہفتہ کو سڑکوں پر نکل آئے۔ وزیراعلیٰ نے کالکاجی اسمبلی کے گووند پوری علاقے کا دورہ کیا اور مقامی باشندوں سے ملاقات کی اور پانی کے غلط بلوں کو درست کرنے کا یقین دلایا۔اس دوران وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک غلط بل کو پھاڑتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت اسے حل کرنے کے لیے ون ٹائم سیٹلمنٹ اسکیم لانا چاہتی ہے، لیکن بی جے پی نے ایل جی کے ذریعے افسران کو بتا کر اسکیم کو روک دیا ہے۔ دہلی کے لوگ دیکھ رہے ہیں کہ میں کس طرح ان سے لڑ کر سارے کام کروا رہا ہوں۔ دہلی کے لوگ پریشان ہیں۔ایسا مت کرو، مجھ پر بھروسہ کرو۔ پانی کے بل معاف کرنے کی اسکیم لانے میں بی جے پی کتنی ہی رکاوٹیں کھڑی کرے، وہ سب کے بل معاف کرائے گی۔ ساتھ ہی وزیراعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد مقامی لوگوں نے پانی کے غلط بل پھاڑ دیئے۔ لوگوں نے کہا کہ ہمیں آپ (وزیراعلیٰ) پر پورا بھروسہ ہے، آپ ہمارے مسائل کا حل کر سکتے ہیں. اس دوران مقامی ایم ایل اے اور کابینی وزیر آتشی بھی موجود رہیں۔ گووند پوری میں مقامی لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ کورونا کے بعد زیادہ تر لوگوں کو پانی کے غلط بل مل رہے ہیں۔ ہم نے پانی مفت رکھا ہے۔ پھر بھی اگر بل اتنا زیادہ آرہا ہے تو غلط ہے۔ میں ان تمام غلط بلوں کو معاف کر دوں گا۔ ہم غلط بلوں کو معاف کرنے کی اسکیم لانا چاہتے ہیں،لیکن بی جے پی والے ایل جی سے کہہ رہے ہیں کہ اس اسکیم کو لانے کی اجازت نہ دی جائے۔ بی جے پی والے ہمارے ہر کام میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔ بی جے پی کی مجھ سے دشمنی ہے، عوام سے کیا دشمنی ہے ؟ انہیں عوام کے لیے کام کرنے دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جن لوگوں کو غلط بل ملے ہیں وہ اپنے بل جمع نہ کرائیں، ہم جلد از جلد اسکیم لانے کی کوشش کریں گے۔












