بکیت جلیل (یواین آئی) ہندوستان کے اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی شری کانت نے جمعرات کے روز ملائیشیا ماسٹرز 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں فتح حاصل کر کے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ وہیں مکسڈ ڈبلز میں تنیشا کراسٹو اور دھرو کپیلا کی جوڑی نے بھی کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔آج یہاں ایگزیاٹا ایرینا کے ایل اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں 59 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں کدامبی نے آئرلینڈ کے نہاٹ گوین کو سیدھے گیمز میں 23-21، 21-17 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔کدامبی نے پہلے گیم کے آغاز سے ہی اپنا دبدبہ قائم رکھا اور اپنی برتری برقرار رکھی۔ نہاٹ نے کدامبی کو سخت ٹکر دی، لیکن آخر میں کدامبی نے پوائنٹس حاصل کر کے پہلا گیم جیت لیا۔ دوسرے گیم میں بھی کدامبی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے آئرلینڈ کے بیڈمنٹن کھلاڑی کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔کوارٹر فائنل میں کدامبی کا مقابلہ فرانس کے ٹوما جونیئر پوپوف سے ہوگا۔اس کے علاوہ ورلڈ چیمپئن شپ کے کانسی کے تمغے کے فاتح ایچ ایس پرنے کو 23ویں رینک کے جاپانی کھلاڑی یوشی تناکا سے سیدھے گیمز میں 9-21، 18-21 سے شکست ہوئی۔مردوں کے سنگلز کے دیگر میچ میں آیوش شیٹی کو فرانس کے ٹوما جونیئر پوپوف سے 13-21، 17-21 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مردوں کے سنگلز رینکنگ میں 51ویں نمبر پر موجود ستیش کروناکرن کو بھی راؤنڈ آف 16 میں رینکنگ میں 18ویں نمبر کے کھلاڑی فرانس کے کرسٹو پوپوف سے 13-21، 17-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔مخلوط ڈبلز میں ایک گھنٹے اور سات منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں تنیشا کراسٹو اور دھرو کپیلا کی ہندوستانی جوڑی نے فرانس کے لی پالرمو اور جولین میو کو 21-17، 18-21، 21-15 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔کوارٹر فائنل میں ہندوستانی جوڑی کا مقابلہ چین کے جیانگ ژین بینگ اور وی یا شین سے ہوگا۔خواتین کے ڈبلز میں پریرنا الویکر اور مرنمئی دیش پانڈے کو آٹھویں سیڈ چینی تائی پے کی لن ژہ یون اور سو ین ہوئی سے 9-21، 14-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔