کویت سٹی، 20 اپریل (یو این آئی) کویت کے سرکاری گزٹ ”کویت الیوم” نے کابینہ کی قرارداد نمبر 2026/200 شائع کی، جس کے تحت 4 افراد اور ان کے زیرِ کفالت شہریت حاصل کرنے والے دیگر افراد کی کویتی شہریت منسوخ کر دی گئی ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیصلہ کویتی شہریت کے قانون (امیری حکمنامہ نمبر 15/1959) کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت اگر یہ ثابت ہو جائے کہ شہریت دھوکہ دہی، غلط بیانی یا جعلی دستاویزات کے ذریعے حاصل کی گئی ہے، تو اسے فوری طور پر منسوخ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ایک الگ پیشرفت میں، حکمنامہ نمبر 59/2026 جاری کیا گیا ہے جس کے ذریعے ‘گورنمنٹ پرفارمنس مانیٹرنگ ایجنسی’ (GPMA) کے قیام سے متعلق 2007 کے حکمنامے کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔ ایجنسی کی تمام ذمہ داریاں اب ‘کابینہ کے جنرل سیکرٹریٹ’ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ کابینہ کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ یہ فرائض کسی بھی دوسرے عوامی ادارے کو تفویض کر سکتی ہے۔ایجنسی کے مستقل ملازمین کو ‘سول سروس کمیشن’ (CSC) میں منتقل کر دیا جائے گا جہاں انہیں ان کے موجودہ گریڈز اور تنخواہوں کے ساتھ دیگر سرکاری اداروں میں تعینات کیا جائے گا۔ حکمنامے کے تحت ایجنسی کے تمام عارضی اور کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کی خدمات فوری طور پر ختم کر دی گئی ہیں۔
