نئی دہلی، (یو این آئی) دہلی کیپیٹلز کے تیز گیند باز لونگی اینگیڈی پنجاب کنگز کے پربھوسمرن سنگھ کا کیچ لینے کی کوشش میں زخمی ہو کر میدان میں گر پڑے، جس کے بعد انہیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لے جایا گیا ہے۔یہ واقعہ پنجاب کنگز کی اننگز کے تیسرے اوور میں پیش آیا۔ اینگیڈی، پربھوسمرن سنگھ کا کیچ لینے کے لیے پیچھے کی جانب بھاگ رہے تھے کہ اسی دوران وہ مڈ آف کے فیلڈر سے ٹکرا کر پیچھے کی طرف گر گئے اور ان کا سر زمین سے جا ٹکرایا۔ اینگیڈی کافی تکلیف میں نظر آ رہے تھے اور انہیں میدان میں ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔میدان میں اسٹریچر لایا گیا، جس سے چوٹ کی سنگینی کا اندازہ ہوتا ہے، تاہم اچھی بات یہ ہے کہ اینگیڈی فزیو سے بات چیت کر رہے تھے۔ دونوں ٹیموں کے فزیو اینگیڈی کے ساتھ موجود رہے۔ ایمبولینس کو میدان کے اندر بلایا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں مزید معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔












