جبل پور، 12 جون: مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے آج کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ریاست نے 18 سال سے سب کچھ دیکھا ہے ، اب چھ ماہ کا وقت ہے ۔ اس میں یہاں کے لوگوں کو دیکھنا چاہیے کہ دوسری ریاستوں میں کانگریس کی حکومتیں کس طرح کام کر رہی ہیں۔یہاں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ وڈرا نے کہا کہ وہ یہاں کسی انتخابی مہم کے لیے نہیں آئی ہوں، بلکہ لوگوں کو یہ بتانے کے لیے آئی ہوں کہ کانگریس پارٹی کیا کرسکتی ہے ، تمام لوگوں کو اسے دیکھنا چاہیے اور لیڈروں کو بولنے پر مجبور کرنا چاہیے ۔ اس دوران انہوں نے جذباتی انداز میں یہ بھی کہا کہ ان کے گھر والوں نے قوم کی تعمیر کے لیے خون دیا ہے ۔ کسی کا نام لیے بغیر مرکز اور ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسے بنانا بہت مشکل ہے ، جب کہ اقتدار کا لطف اٹھانا بہت آسان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سچائی کو عوام کو دیکھنا چاہیے اور اسی لیے وہ بیداری پیدا کرنے آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تعمیر کا سنگ بنیاد سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے رکھا تھا۔ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے سبز انقلاب لایا، سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے ملک کو جدید بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اپنے بہتر کاموں سے اس سلسلے کو آگے بڑھایا۔اس سے پہلے محترمہ پرینکا وڈرا نے ماں نرمدا کی پوجا کی اور جبل پور کے گواری گھاٹ پر نرمدا کی آرتی بھی کی جسے ‘سنسکاردھنی’ کہا جاتا ہے
۔ اس دوران ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ بھی موجود تھے ۔اپنے خطاب میں محترمہ وڈرا نے مدھیہ پردیش میں سرکاری ملازمین کے لیے پرانی پنشن اسکیم کے نفاذ، 100 یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے اور انتخابات سے قبل 200 یونٹ بجلی کے بل کو آدھا کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے 15 ماہ کی کمل ناتھ حکومت کے مفاد عامہ کے کاموں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے دوران 27 لاکھ کسانوں کے قرضے معاف کیے گئے ۔ریاستی حکومت پر لگاتار حملہ کرتے ہوئے سینئر کانگریس لیڈر محترمہ وڈرا نے کہا کہ بی جے پی حکومت صرف انتخابات کے وقت ہی اعلانات کیوں کر رہی ہے ۔ اعلانات کرنے والے الیکشن بھی جیت جاتے ہیں لیکن وعدے بھول جاتے ہیں۔
عوامی جذبات کی بنیاد پر ووٹ مانگنا مناسب نہیں۔ ایسے لوگ کام کی بات نہیں کرتے صرف ادھر ادھر کی باتیں کرتے ہیں۔ریاست کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے تقریباً 220 مہینوں کے اپنے دور اقتدار میں تقریباً 225 گھپلے کئے ۔ اجین میں واقع شری مہاکال لوک میں حال ہی میں مورتیوں کو پہنچنے والے نقصان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ماں نرمدا کے مہاکال لوک کو بھی نہیں بخشا، وہاں بھی گھپلہ کیا۔












