نئی دہلی :دہلی کے رام لیلا میدان میں ہونے والے جمعیتہ علماء ہند کے چونتیسویں اجلاس عام کی تیاریوں کے سلسلے میں صوبائی جمعیتہ کے صدر مولانا عابد قاسمی دہلی بھر میں ہنگامی دورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے جامع مسجد وجے وہار، اصلاح مسجد اوکھلا، پرانا سیلم پور، ذاکر نگر،سلیم مسجد چوہان بانگر، مسجد ابو بکر بوانہ اور شہاب مسجد اوکھلا میں خطاب کرکے اجلاس عام کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عوام الناس کی شرکت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن ہندوستان میں جمہوری قدروں کی پامالی ہو رہی ہے، چہار سو نفرت کا پہرا ہے، ملک معاشی اور اقتصادی اعتبار سے کمزور ہو رہا ہے، ایک خاص نظریہ سیاسی و سماجی خلیج پیدا کرنے کے ساتھ انسانی بنیادوں پر قائم رشتوں کو تار تار کرنے میں لگا ہے، ہر سطح پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو حاشیہ پر دھکیلا جارہا ہے، ان کے آئینی حقوق صلب کئے جارہے ہیں، حالات ایسے بنادئے گئے ہیں کہ ملک کے طول عرض میں آزادی کے ساتھ ان کا جینا محال ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان تمام نا انصافیوں اور فتنہ سامانیوں کے خلاف علم احتجاج بلند کرنا ہوگا، اپنے گھروں سے نکل کر حکومت وقت اور مقتدر حلقوں کو بتانا ہوگا کہ ہمارے ضمیر مرے نہیں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیتہ علماء ہند ملک کی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور دبے کچلے لوگوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ہر ظلم اور نا انصافی کے خلاف اس جماعت نے ہر دور میں سب سے پہلے علم احتجاج بلند کرتے ہوئے ایوان اقتدار کو للکارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سید محمود اسعد مدنی کی قیادت میں آج پھر جماعت میدان میں اتری ہے، ملت کا فرد ہونے کے ناطے ہماری اخلاقی، سماجی اور مذہبی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہر طرح سے ساتھ دیتے ہوئے جماعت کے مشن اور آواز کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کی 12/11/10 تاریخ کو رام لیلا میدان میں منعقد ہونے والے چونتیسویں اجلاس عام میں ملک کے کونے کونے سے شرکت کرکے ہم اپنی دینی حمیت کا ثبوت دیں اور بزرگوں کی اس باوقار جماعت کے موقف کی تائید و حمایت کریں۔












