مالے ( آئی این ایس انڈیا )
ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چمپئن بھارتی کرکٹ ٹیم کو مالدیپ ٹورازم ایسوسی ایشن نے جزیرے کے ملک میں اپنی جیت کا جشن منانے کے لیے مدعو کیا ہے۔ روہت شرما کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے بارباڈوس میں 29 جون کو فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کو سات رنز سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی چمپئن بنا۔ وطن واپسی پر دہلی اور ممبئی میں کرکٹ شائقین نے ٹیم انڈیا کا شاندار استقبال کیا، جبکہ ممبئی نے وکٹری پریڈ کی میزبانی بھی کی۔اب مالدیپ مارکیٹنگ اینڈ پبلک ری لیشن کارپوریشن نے مالدیپ ایسوسی ایشن آف ٹورازم انڈسٹری کے تعاون سے مشترکہ طور پر بھارت کی قومی کرکٹ ٹیم کو ایک خصوصی دعوت نامہ دیا ہے،دونوں اداروں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم ٹیم انڈیا کی میزبانی کے منتظر ہیں، جو گزشتہ ہفتے جمعرات کو بھارت واپس آئی ہے۔ ہمیں آپ کی میزبانی کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کا اعزاز حاصل ہو گا کہ آپ کا قیام یادگار لمحات، راحت اور آپ کی مرضی کے تجربات سے بھرا ہو۔مشترکہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ دعوت نامہ مالدیپ اور بھارت کے درمیان مضبوط اور دیرینہ ثقافتی اور کھیلوں کے تعلقات کو بھی اجاگر کرتا ہے۔مالدیپ کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا خیرمقدم کرنا اور ان کی جیت کی خوشی میں شریک ہونا ایک بہت بڑا اعزاز ہوگا۔واضح رہے کہ کپتان روہت شرما اور ویراٹ کوہلی سمیت کئی کھلاڑی اس وقت چھٹی پر ہیں جبکہ یشسوی جیسوال، سنجو سیمسن اور شیوم دوبے نے شبمن گل کی قیادت والی بھارتی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی ہے، جو زمبابوے کیخلاف پانچ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔