شعیب رضا فاطمی
نئی دہلی ، ۔اتر پردیش پولیس نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے چار اسٹوڈنٹس کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے جن پر فلسطین کے حق میں مارچ کے دوران بھڑکاؤ تقریریں کرنے” کا الزام عائد کیا گیا ہے۔دراصل اسرائیل کی حمایت میں بی جے پی حامیوں کے ایک گروپ کی جانب سے ریلی نکالنے اور ‘جئے شری رام کے نعرے لگانے کے فوری بعد مذکورہ طلبا نے یہ مارچ نکالا تھا۔درایں اثناء جواہر لال نہرو یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایک اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نےبھی فلسطین کے ساتھ اظہار یگانگت میں مارچ نکالا تھا ۔ حالانکہ حماس کے اس آپریشن کے بعد ساری دنیا میں فلسطینیوں کے حق میں مارچ نکالے جارہے ہیں ۔ایسے ممالک میں بھی اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں لوگ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں جہاں اسلامی حکومت نہیں ہے ۔ایکس پر بھی فلسطین لگاتار ٹرینڈ کر رہا ہے ۔اور جہاں متعدد لوگوں نے اسرائیل کو ایک "قابض” ملک کہا اور فلسطین کی آزادی” کی مانگ کی ہے۔جے این یو اسٹوڈنٹس یونین صدر ایشا گھوش نے بھی ایکس پر لکھا کہ "ایک قابض اور ظالم ملک (اسرائیل) کو ‘دفاع کے ‘ کے متعلق بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔آج کامریڈ چیگویرا کو ان کی موت کے دن یاد کیا جا رہا ہے اور انہوں نے سالوں قبل کہا تھا "مادر وطن یا موت”۔آل انڈیا اسٹوڈنٹس اسوسیشن نے بھی فلسطین کے ساتھ اظہار یگانگت کیا اور علاقے میں امن کی بحالی کی مانگ کی ہے۔ایک پوسٹ جس کو بعد میں حذف کر دیا گیا تھا جامعہ کے نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا نے علاقے میں اسرائیل کی موجودگی کو دہشت گردی” قرار دیا۔حذف کردہ پوسٹ میں لکھا گیا تھا کہ "سات دہایوں سے فلسطین میں اسرائیل کا قبضہ دہشت گردی ہے۔ اسرائیلیوں کی صیہونی دہشت گردی سے آزادی کا فلسطین مستحق ہے اور اجتماعی طور پر قدیم وقت سے زیر التواء تنازعہ کے پرامن حل کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنا ضروری ہے”۔اپنے تازہ ٹوئٹ میں این ایس یو آئی نے کہا کہ پرامن راستہ گفتگو کے ذریعہ ہی نکالا جا سکتا ہے اور انصاف ہی اس طویل تنازعے کا واحد ذریعہ ہے۔این ایس یو آئی نے دنیا کی امن پسند تنظیموں پر زور دیا کہ سفارتی حل کو ترجیح دیں۔ایک اور اسٹوڈنٹ گروپ دیارشوق اسٹوڈنٹس، چارٹر نے بھی فلسطین کے ساتھ اظہار یگانگت کیا۔ڈی ائی ایس ایس سی نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ”ہم فلسطینی عوام کے اور فلسطینی مجاہدین آزادی کے ساتھ اسرائیل کے نوآبادیاتی آبادکاری کے خلاف جدوجہد میں اظہار یگانگت میں کھڑے ہیں”۔لیکن اس سارے ہنگامے کے بیچ اتر پردیش کی جوگی حکومت نے نہایت جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے علی گڈھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا پر فلسطین کی حمایت میں اظہار یگانگت مارچ نکالنے پر چار اے ایم یو اسٹوڈنٹس کے خلاف ایف ائی آر درج کی ہے۔مذکورہ ایف ائی آر ائی پی سی کی دفعات 153 اے، 188 اور 505 کے تحت درج کیا گیا ہے ۔












