نئی دہلی، سماج نیوز سروس: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کو عالمی درجہ بندی “دی مسلم 500” میں مؤثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں 16واں مقام حاصل ہونے پر دلی مسرت کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے کارکنان، ذمہ داران، ملک کے مسلمانوں اور بھارت کے تمام انصاف پسند شہریوں کو مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف ایک شخصیت بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے کہ بھارت کے ایک مسلم قائد کو عالمی سطح پر گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل ٹاپ پچاس میں جگہ ملتی رہی ہے۔واضح رہے کہ “دی مسلم 500” کی یہ سالانہ درجہ بندی دی رائل اسلامک اسٹرٹیجک اسٹڈیز سنٹر، عمان (اردن) کے زیر اہتمام جاری کی جاتی ہے، جسے عالمی اداروں اور ممتاز شخصیات کی جانب سے قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اس کی آراء کو بین الاقوامی سطح پر اہمیت دی جاتی ہے۔مولانا محمود اسعد مدنی ان ممتاز شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جن کی فکری بصیرت، سماجی خدمات اور جرأت مندانہ قیادت نے مشکل حالات میں معاشرے کو متوازن اور مثبت سمت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا، مظلوموں کی داد رسی کرنا اور معاشرے کے کمزور طبقات کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد کرنا ان کی شخصیت کا نمایاں وصف رہا ہے۔مولانا مدنی کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد کی طرح وسیع النظر اور صاحب بصیرت فکر رکھتے ہیں۔ وہ پورے بھارت کو اپنا وطن سمجھتے ہیں اور ملک کی مختلف تہذیبوں، روایتوں اور زبانوں کا احترام کرتے ہیں۔ اکابرین ہند کی ملی و قومی وراثت کے امین اور دستور ہند کے مضبوط محافظ کے طور پر انہوں نے ہمیشہ اتحاد، ہم آہنگی اور مشترکہ سماج کے فروغ کی بات کی ہے۔دہشت گردی کے خلاف ان کی واضح اور دو ٹوک مہم کو عالمی برادری نے بھی سراہا ہے جس سے نہ صرف ملک کے مسلمانوں کے وقار میں اضافہ ہوا بلکہ امن و انصاف کے پیغام کو بھی تقویت ملی۔ دلتوں، قبائلیوں اور غریب مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی رفاہی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔مولانا محمود اسعد مدنی کو عالمی درجہ بندی میں یہ مقام ملنا یقیناً ہم سب کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ اس موقع پر ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے قائدین کا احترام کریں اور ان کی مثبت فکر، قومی یکجہتی اور مشترکہ سماج کے پیغام کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔












