پٹنہ ،سماج نیوز سروس:بہار قانون ساز کونسل کے رکن (ایم ایل سی) ڈاکٹر خالد انورنے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محموداسعد مدنی کو دنیا کےبا اثر مسلمانوں کی فہرست ’’دی مسلم 500‘‘ میں 16ویں مقام حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی بیان میں ڈاکٹر خالد انور نے اس کامیابی کو نہ صرف مسلمانوں بلکہ پورے بھارت کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے پورے ملک کے لئے خوشی کا مقام ہے کہ یہاں کے مسلم قائد کو عالمی درجہ بندی میں گذشتہ کئی برسوں سے ٹاپ 50 میں مقام ملتا رہا ہے۔ دی رائل اسلامک اسٹرٹیجک اسٹڈیز سنٹر، عمان جارڈن کی جانب سے جاری کردہ یہ درجہ بندی عالمی سطح پر انتہائی معتبر مانی جاتی ہے۔ مولانا محمود مدنی کا مسلسل ٹاپ 50 میں شامل رہنا اس بات کی دلیل ہے کہ ان کی ملی اور سماجی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر انور نے کہا کہ میں ذاتی طور پر علماء دانشوران اورسماج کے لئے کام کرنیوالے سبھی افراد کا احترام کرتاہوں اور یہ سمجھتا ہوں کہ انہیں شخصیات کی قربانیوں ایثار اور جدوجہد کی وجہ سے سماج کے ہر شعبہ میں توازن قائم ہے ۔مولانا محمود مدنی ان لوگوں میں سے ہیں ،جن کی فکری بالیدگی نے معاشرہ کو کئی خطرناک موڑ پر بہتر رہنمائی کی ہے اور صحیح راستوں کا راہرو بنایا ہے۔ ظلم کے خلاف کھڑا ہونا مظلوموں کے آنسو پونچھنا ان کی فطرت میں شامل ہے، دور کی آہوں کے لئے تڑپ اٹھنا کال کوٹھری کی سخت زندگیوں کے لئے عملی اقدام بنیاد پرست ٹولے کی سازشوں کو ناکام بنانا اور اپنے بے سمت قبیلہ کو ٹھنڈی سانسیں فراہم کرنا ان کی زندگی کا اہم مشن رہا ہے ۔ مولانا محمود مدنی کی سب سے بڑی خصوصیت امام الہند مولانا ابولکلام آزاد کی طرح صاحب بصیرت ہونا ہے وہ پورے بھارت کو اپنا مانتے ہیں وہ ملک کی ساری تہذیبوں روایتوں اور زبانوں سے پیار کرتے ہیں وہ اکابرین ہند کی وراثت کے سچے امین اور دستور ہند کے پکے محافظ ہیں ۔ملک کی شان پر آنچ آئے انہیں برداشت نہیں ہے اور ملک میں رہنے والوں پر کو ظلم کرے اس کے لئے بھی وہ آہنی دیوار بن جاتے ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف ان کی مہم کو عالمی برادری نے تعظیم کی نظروں سے دیکھا اور ملک کے مسلمانوں کے وقار میں اضافہ ہوا دلت قبائلیوں اور غریب مسلمانوں کے لئے رفاہی کام کا ایک تسلسل ہے جو جاری رہتاہے ایسی شخصیت کی عالمی درجہ بندی ہم سب کے لئے لائق فخر ہے ۔ ڈاکٹر خالد انور نے جمعیۃ کے تمام کارکنان، ذمہ داران اور محبِ وطن شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ایسے قائدین کا احترام کرنا چاہیے جن کی وجہ سے آج سماج کے ہر شعبے میں توازن قائم ہے۔












