استنبول، (یواین آئی) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے مغربی ممالک کی قیادت میں بین الاقوامی برادری سے 35000 سے زیادہ بے گناہ فلسطینی شہریوں کے قتل کے خلاف آواز بلند کرنے پر زور دیا ۔ صدر نے کہا کہ حماس کے ایک ہزار سے زائد ارکان اس وقت ترکیہ کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔
انہوں نے زور دیا کہ وہ حماس کو دہشت گرد تنظیم نہیں مانتے۔ رجب طیب اردوغان نے صحافیوں کو بتایا کہ حماس کے بہت سے ارکان جاں بحق ہوگئے ہیں اور پورا مغرب ان پر ہر قسم کے ہتھیاروں اور گولہ بارود سے حملہ کر رہا ہے۔انہوں نے انقرہ میں یونانی وزیر اعظم مٹسوٹاکس کے ساتھ بات چیت کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ وہ حماس کو دہشت گرد تنظیم سمجھنے والے ایتھنز کے نقطہ نظر سے دکھ میں ہیں اور حماس کو اپنے مقبوضہ علاقوں کا دفاع کرنے والی مزاحمتی تنظیم سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرنے اور فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے اپنے سفارتی رابطے جاری رکھیں گے۔ ایک اور تناظر میں رجب طیب اردوغان نے کہا کہ انقرہ اور ایتھنز کے درمیان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اتفاق رائے روز بروز مضبوط ہو رہا ہے۔