
ممبئی :تعلیم ، صحت ، قانونی معلومات ، دستاویزکو درست کرنے کی رہنمائی سمیت دیگر بہت مفید معلومات فراہم کرنے کیلئے باندرہ کے کوکنی مسجد کے احاطہ میں سنیچر ۲۷؍ مئی کو صبح نو بجے سے شام سات بجے تک کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس سے سیکڑوں افراد نے فائدہ اٹھایا ۔ کیمپ میں صحت ، تعلیم ، معیشت اور صحافت وغیرہ کیلئے کونسلنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ میڈیکل کیمپ میں آنکھوں ،استھما، شوگر ،ای سی جی اور بلڈ شوگر سمیت کئی طرح کی جانچ کا انتظام تھا ۔خواتین میں پستان کے کینسر کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ٹاٹا کینسر ہسپتال کی سرجن ردھیما بِنڈِش نے خواتین کو معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی بیماری سے محفوظ رہنے کا آسان ذریعہ یہ ہے کہ اس تعلق سے بیدار رہا جائے اور احتیاط سے کام لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جسم میں ہونے والی کوئی بھی بیماری کے آثار ظاہر ہوتے ہیں لیکن ہم اس پر توجہ نہیں دیتے ۔ ڈاکٹر ردھیما نے بتایا کہ پستان کے کینسر کا آپریشن اب بہت ہی آسان ہے اور ابتدا میں اس میں معلومات ہوجائے تو آسانی سے اس پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔
کیریئر سازی سے متعلق ڈاکٹر کاظم ملک نے طلبہ اور ان کے سرپرستوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’تعلیم کے شعبہ میں کیریئر کے بہت سے مواقع ہیں لیکن ہمارے طلبہ معلومات کی کمی درست رہنمائی نہ ہونے کے سبب اپنی بہترین صلاحیت استعمال نہیں کرپاتے ، جبکہ ان میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے ، ضرورت ہے ان کی رہنمائی اور مواقع کے تئیں نشاندہی کرنے کی‘‘۔دستاویز سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے نو ترنگ چیریٹیبل ٹرسٹ کے ذمہ دار راشد پردیسی نے کہا ’’اہم دستاویز کی تیاری اور اسے اپڈیٹ کرانے میں ہمارا رویہ تساہلی والا ہوتا ہے ، ہم اس وقت متوجہ ہوتے ہیں جب مقررہ تاریخ گزر چکی ہے ، ملک موجودہ حالات میں ہمارے دستاویزات درست ہونا لازمی ہیں ‘‘۔
کیمپ میں طب نبوی ﷺ پر بھی ایک معلوماتی پروگرام تھا ۔منصور علی نے طب نبوی ﷺ سے متعلق بتایا کہ یہ علاج سے زیادہ عقیدہ کا معاملہ ہے اگر ہم نے اس عقیدہ کے ساتھ استعمال کیا کہ یہ علاج نبی ﷺ نے فرمایا ہے اس لئے یہ ہماری صحت کو ضرور فائدہ پہنچائے گا ۔ انہوں نے وضاحت کہ ہمارے ایک دوست نے اس کو باضابطہ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی شکل دی ہے اور یہ شعبہ بھی ہمارے لئے کیریئر کا ایک اچھا ذریعہ ہو سکتا ہے ۔واضح ہو کہ طب نبوی ﷺ پر کئی مصنفین و محققین نے کافی تحقیق کی ہے ۔
سورہ الرعد میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’’جو جھاگ ہے وہ اڑ جایا کرتا ہے اور جو چیز انسانوں کیلئے نفع بخش ہے وہ زمین میں ٹھہر جاتی ہے‘‘ ۔ جو لوگ انسانوں کی بھلائی کیلئے متحرک ہوں گے وہ اس زمین کے بہترین لوگوں میں شمار ہوں ۔ باندرہ خدمت گروپ نے شاید اسے سمجھ لیا ہے اسی لئے وہ گذشتہ کئی سالوں سے مفاد عامہ کے کاموں میں سرگرم کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے بچوں اور بچیوں کیلئے جنوری ۲۰۲۳ سے مارشل آرٹ سیکھنے کا بھی انتظام کیا ہے ۔ پروگرام میں بچوں اور بچیوں نے چار پانچ ماہ میں جتنا کچھ سیکھا ہے اس کا مظاہرہ بھی کیا اور باندرہ خدمت گروپ کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی کیلئے شیلڈ اور توصیفی اسناد بھی تقسیم کئے ۔