نئی دہلی، جعفر آباد کی گلی نمبر 7 میں واقع حاجی آفتاب احمد کی رہائش گاہ پر 17ویں نماز تراویح کے دوران قرآن شریف کی تکمیل حافظ محمد زعیم نے کی جبکہ سامع کے طور پر حافظ محمد شاہد تھے۔دونوںحفاظ کو نقد انعام ، کپڑے اور تحائف دیے گئے ۔منعقدہ دعائیہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا شمس الزماںنے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ قرآن شریف کی تعلیم و تلاوت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور اسی میں دونوں جہان کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ہر گھر میں حافظ قرآن ہونا چاہئے جس کےلئے مدارس اسلامیہ سے وابستگی بہت ضروری ہے اور جب رمضان المبارک کا مہینہ آئے تو جگہ جگہ نماز تراویح کا اہتمام ہونا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ حفاظ کو نماز تراویح میں قرآن شریف سننے اور سنانے کا موقع فراہم ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے رمضان کی نماز تراویح میں قرآن پڑھنا سنت ہے مگر چند تراویح میں قرآن شریف مکمل کرلیا جاتا ہے اورجو لوگ پھر تراویح نہیں پڑھتے ان کا یہ عمل سنت رسول کی خلاف ورزی ہے۔ حاجی آفتاب احمد نے کہا کہ اصحاب حیثیت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے طور پر گھروں ،کارخانوں اور فیکٹریوں میں نماز تراویح کا اہتمام کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ نماز تراویح پڑھ سکیں اور زیادہ سے زیادہ حفاظ کو قرآن شریف سنانے و سننے کا موقع بھی فراہم ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ میری خواہش تھی کہ میرا لڑکا حافظ قرآن بنے اور جب سے ایک لڑکا حافظ قرآن بنا ہے تبھی سے اپنے گھر پر نماز تراویح کا اہتمام کر کے قرآن شریف سننے اور سنانے کا سلسلہ ہے ۔ مولانا صلاح الدین نے ملک کی سلامتی ،تحفظ و بقا اور امن وامان کیلئے دعا کرائی اور مجلس اختتام پذیر ہوئی۔












