فاروق تانترے
سرینگر ،سماج نیوز سروس:نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر کے مفادات کے تحفظ کیلئے مالی اور جانی قربانیاں دی ہیں اور موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ بھی اسی عزم کے ساتھ کیا جائے گا کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اپوزیشن کے گمراہ کن بیانات، جھوٹے پروپیگنڈے اور ڈرامہ بازی سے نیشنل کانفرنس کو کمزور نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ اس جماعت کو عوام کی بے لوث حمایت حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس صوبہ کشمیر کی مجلسِ عاملہ کا ایک روزہ اجلاس آج پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی نائب صدر و وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جنرل سیکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سیکریٹری چودھری محمد رمضان، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، کابینہ وزراء سکینہ ایتو اور جاوید ڈار، صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر سمیت مجلسِ عاملہ کے اراکین اور خصوصی طور مدعو لیڈران نے شرکت کی۔طویل اجلاس میں جموں و کشمیر اور لداخ کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل و مشکلات، پارٹی سرگرمیوں، تنظیمی امور اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اپنے اپنے علاقوں کے عوامی مسائل، خصوصاً معاشی بدحالی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات سے متعلق معاملات کو اُجاگر کئے۔ اجلاس میں مختلف علاقوں میں جاری پارٹی سرگرمیوں ،عوامی رابطہ پروگراموں اور کارکنونوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مجلسِ عاملہ کے اراکین پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ زمینی سطح پر مضبوط رابطہ قائم رکھیں اور پارٹی کو مزید مستحکم بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ماضی میں بھی بے شمار چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور ہمیشہ عوامی حمایت کی بدولت سرخرو ہوکر اُبھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر کے مفادات کے تحفظ کیلئے مالی اور جانی قربانیاں دی ہیں اور موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ بھی اسی عزم کے ساتھ کیا جائے گا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اپوزیشن کے گمراہ کن بیانات، جھوٹے پروپیگنڈے اور ڈرامہ بازی سے نیشنل کانفرنس کو کمزور نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ اس جماعت کو عوام کی بے لوث حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ عوام کے احساسات، جذبات اور اُمنگوں کی ترجمان رہی ہے اور آئندہ بھی عوامی مفاد کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا۔انہوں نے پارٹی سے وابستہ ممبرانِ اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ ہر حال میں ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پارٹی ممبرشپ مہم فوری طور شروع کرنے اور تنظیمی انتخابات کیلئے تیاریوں کو مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زمینی سطح پر متحرک اور حقیقی نمائندوں کو آگے لایا جائے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہر ضلع میں پارٹی کنونشن منعقد کرنے، عوامی مسائل و مطالبات کی جانکاری حاصل کرنے اور ان کے ازالے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جن حلقوں میں نیشنل کانفرنس کے ممبرانِ اسمبلی موجود نہیں ہیں وہاں ممبرانِ پارلیمان اور متعلقہ انچارج حضرات عوامی مسائل کے حل کیلئے سرگرم کردار ادا کریں اور ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ واگذاری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے حکومتی کارکردگی اور عوامی فلاحی اقدامات کو مؤثر انداز میں اُجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ، وزراء اور پارٹی کے عوامی نمائندے سخت ترین چیلنجوں کے باوجود تعمیر و ترقی اور عوامی راحت رسانی کیلئے مسلسل کام کررہے ہیں، تاہم ان اقدامات کو عوام تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم نیشنل کانفرنس ماضی کی طرح ان چیلنجوں کا بھی ثابت قدمی سے مقابلہ کرے گی۔انہوں نے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ ممبرشپ مہم کے ساتھ ساتھ مردم شماری کے حوالے سے بھی عوام میں بیداری پیدا کریں اور مردم شماری کی اہمیت و افادیت سے لوگوں کو آگاہ کریں۔اجلاس میں دیگر لوگوں کے علاوہ ، اقلیتی، خواتین ، ٹریڈیونین اور یوتھ ونگ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو امید ظاہر کی کہ اگر مغربی بنگال انتخابات میں مبینہ بدعنوانی سے متعلق تنازعہ ملک کی سپریم کورٹ تک پہنچتا ہے تو سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے گی۔پارٹی کی صوبائی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ ہر کوئی انتخابی نتائج پر سوالات اٹھا رہا ہے۔












