نئی دہلی، الیکشن کمیشن آف انڈیا نے عام آدمی پارٹی کو قومی پارٹی کا درجہ دیا ہے جبکہ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) پارٹی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی)سے بھی یہ درجہ واپس لے لیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ کمیشن کی جانب سے یہ فیصلہ ٹھیک اس وقت آیا ہے جب کچھ دن قبل ہی الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کرناٹک ہائی کورٹ کو مطلع کیا تھا کہ وہ ’قومی پارٹی ‘کا درجہ دینے کے لیے ’آپ‘ کی درخواست پر 13 اپریل سے پہلے فیصلہ کرے گا،اور جب کرناٹک اسمبلی انتخابات کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔بتا دیں کہ عام آدمی پارٹی ’ آپ ‘نے دسمبر 2022 میں قومی پارٹی کا درجہ حاصل کرنے کے لئے الیکشن کمیشن میں ایک درخواست دائر کی تھی۔اطلاعات کے مطابق آج 10 اپریل کو کمیشن نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ( آپ) کو چار ریاستوں دہلی، گوا، پنجاب اور گجرات میں اس کی انتخابی کارکردگی کی بنیاد پر قومی پارٹی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ انتخابی نشانات (ریزرویشن اور الاٹمنٹ) آرڈر، 1968 کے مطابق، قومی پارٹی کا درجہ حاصل کرنے کیلئے، ایک سیاسی تنظیم کو چار ریاستوں میں ریاستی پارٹی کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے اور متعلقہ قانون ساز اسمبلیوں میں اس کے کم از کم دو اراکین ہونے چاہئیں۔غور طلب ہے کہ آج بروز پیر کو جاری کردہ اپنے حکم میں کمیشن نے اتر پردیش میں آر ایل ڈی، آندھرا پردیش میں بی آر ایس، منی پور میں پی ڈی اے، پڈوچیری میں پی ایم کے، مغربی بنگال میں آر ایس پی اور میزورم میں ایم پی سی کو دی گئی ریاستی پارٹی کا درجہ بھی منسوخ کردیا۔تازہ ترین اقدام کے ساتھ، ہندوستان میں قومی جماعتوں کی تعداد چھ رہ گئی ہے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، کانگریس، سی پی آئی (ایم)، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)، نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) اور اے اے پی۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ این سی پی اور ترنمول کانگریس کو حال ہی میں ختم ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر بالترتیب ناگالینڈ اور میگھالیہ میں ریاستی پارٹیوں کے طور پر تسلیم کیا جائے گا۔ساتھ ہی اس نے ناگالینڈ میں لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، میگھالیہ میں وائس آف دی پیپلز پارٹی اور تریپورہ میں ٹیپرا موتھا کو ’تسلیم شدہ ریاستی سیاسی پارٹی‘ کا درجہ بھی دیا ہے۔واضح رہے کہ لوک سبھا الیکشن 2024کے مد نظر اپوزیشن پارٹیوں میں اتحاد کی کوششیں جاری ہیں،وہیں کئی پارٹیوں کے لیڈروں نے اس سلسلے ایک میٹنگ بھی کی ہے ۔












