انقرہ (یو این آئی) صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران وہ دنیا میں دہشتگردی کے بڑھتے خطرات اور غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام پر تبادلہ خیال کریں گے۔صدر ایردوان نے نیٹو سربراہی اجلاس کےلیے امریکہ روانگی سے قبل انقرہ ہوائی اڈے پر پریس سے گفتگو کی ۔
ایردوان نے اس موقع پر کہا کہ نیٹو سربراہی اجلاس کل سے شروع ہو رہا ہے،امید ہے کہ رکن ممالک قومی سلامتی کے موضوع پر متفقہ نظریات اور موقف کا مظاہرہ کریں گے،انسداد دہشتگردی اور اتحادی ممالک کے درمیان دفاعی صنعتی تجارت کے سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر مبنی فیصلوں کا احترام اہم ہے،امید ہے کہ مذاکرات کے دوران دنیا میں دہشتگردی کے بڑھتےخطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں نیٹو کے کردار کو بڑھانے کا مطالبہ کیا جائے گا ۔
صدر نے مزید کہا کہ نیٹو مشن میں سب سے زیادہ تعاون کرنے والے 5 اتحادیوں میں ترکیہ کا شمار بھی ہوتا ہے،بری ہو،فضائی ہو یا بحری ہر شعبے میں ترکیہ نیٹو کے شانہ بشان رہتا ہے۔
علاوہ ازیں، صدر نے کہا کہ فلسطینی عوام کے قتل عام کو بھی نیٹو کے ایجنڈےمیں لایا جائے گا،دوحہ میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کے موضوع پر پیش رفت ہوئی ہے انشااللہ جلد ہی مثبت نتائج ملیں گے۔