نئی دہلی ، سماج نیوز سروس:اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں اس کی فورسز نے آپریشنز کے دوران تقریباً 1000 ایسی تنصیبات کو تباہ کیا ہے جنھیں اس نے ’دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر‘ قرار دیا۔اسرائیلی فوج کی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ایلا واویہ نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’یہ انفراسٹرکچر حزب اللہ کے کارکن اسرائیلی افواج کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے تھے۔‘بیان میں کہا گیا کہ کارروائیوں کے دوران فوج نے سینکڑوں ہتھیار بھی برآمد کیے، جن میں مشین گنز، کلاشنکوف رائفلیں، دستی بم، بارودی سرنگیں، پستول، اینٹی ٹینک میزائل، آر پی جی گولے اور مارٹر شیلز شامل ہیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں اس کی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ان کا خاتمہ کیا جا سکے جنہیں اسرائیلی فوج خطرہ قرار دیتی ہے۔












