نئی دہلی، (یو این آئی) نتن نبین نے بی جے پی کے سب سے کم عمر صدر کے طور پر منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر کا عہدہ پارٹی آج یہاں ہیڈکوارٹر میں سنبھال لیا۔وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت کئی سینئر رہنما اس موقع پر موجود تھے۔ وہ پانچ مرتبہ کے ایم ایل اے ہیں اور واحد امیدوار کے طور پر سامنے آئے، جس سے وہ پارٹی کی تاریخ میں سب سے کم عمر صدر بن گئے۔ وزیر اعظم مودی نے دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر بی جے پی کے قومی صدر کے طور پر انتخابی سرٹیفکیٹ دینے کے بعد نتن نبین کو مبارکباد دی۔ سبکدوش صدر جے پی نڈا، راجناتھ سنگھ، امت شاہ اور نیتن گڈکری نے بھی نومنتخب صدر کو مبارکباد دی۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے نئے صدر کو مبارکباد دی اور کہا کہ نتن نبین نے اس بڑی پارٹی کے 12ویں قومی صدر کے طور پر ذمہ داری سنبھالی ہے۔ حالیہ انتخابی کارکردگی پر غور کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "2024 لوک سبھا انتخابات کے نتائج ہماری توقعات کے مطابق نہیں رہے۔ یہ نتائج نہ صرف پارٹی بلکہ عوام کے لیے بھی حیران کن تھے۔ ملک کے ووٹروں میں مایوسی اور ناراضگی پیدا ہوئی۔ ووٹروں نے طے کیا کہ آئندہ انتخابات میں وہ مودی جی کو مکمل حمایت دیں گے اور پارٹی کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔” نڈا نے یاد دلایا کہ 2024 لوک سبھا انتخابات کے بعد حزبِ اختلاف ہریانہ انتخابات میں بہت پُراعتماد تھا۔ "وہ نتائج آنے سے پہلے ہی مٹھائی بانٹنے کی تیاری کر رہے تھے۔ انہیں احساس نہیں تھا کہ ووٹروں نے زیادہ اعتماد سے پیدا ہونے والی چھوٹی غلطیوں کو درست کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہی ہوا ہریانہ میں۔ ہم نے مہاراشٹر میں مودی جی کی قیادت میں ریکارڈ فتح دیکھی اور آپ کی قیادت میں 27 سال بعد دہلی میں بھی کنول کھلا اور بی جے پی حکومت بنی۔” ڈپٹی کمشنر کے۔ لکشمن، جو انتخاب کے ریٹرننگ آفیسر تھے، نے اعلان کیا کہ نبین کے حق میں 37 سیٹوں پر نامزدگی کے کاغذات درست پائے گئے، جن میں وزیر اعظم مودی، مرکزی وزراء امت شاہ، راجناتھ سنگھ، نتن گڈکری، دھرمیندر پردھان، کرن رجیجو، ہردیپ پوری اور سبکدوش صدر جے پی نڈا کی حمایت شامل تھی۔ یوپی، گجرات، گوا، اروناچل پردیش اور دہلی سمیت کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدور نے بھی ان کے حق میں نامزدگیاں جمع کرائیں۔ یہ انتخاب ایک وسیع داخلی عمل کے بعد ہوا جو نچلی سطح سے شروع ہو کر قومی سطح تک پہنچا۔ قومی صدر کا انتخاب اس وقت کیا گیا جب 36 میں سے 30 ریاستی بی جے پی یونٹوں نے اپنے صدور منتخب کر لیے، جس سے پارٹی کے الیکٹورل کالج کی شرط پوری ہوئی۔












