کانپور، پریس ریلیز،ہماراسماج: جمعیۃ علماء ہند کے تین سالہ ٹرم مکمل ہونے کے بعد جدید ممبرسازی، مشاورتی اجلاس، سہ روزہ اجلاس معراج النبیؐ، تقریب یومِ جمہوریہ اور لکھیم پور میں ہونے والے زون کے اجلاس میں شرکت سے متعلق جمعیۃ علماء شہر کانپور کے اراکین منتظمہ کی اہم میٹنگ شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان کی زیر صدارت جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں منعقد ہوئی۔ممبر سازی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے بتلایا کہ ہر تین سال میں جدید ممبر سازی اور ضلعی، ریاستی و مرکزی انتخاب عمل میں آتا ہے۔ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے ممبر سازی کے لئے یکم اپریل تک کا وقت مختص کیا گیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ ہر مسلمان مرد و عورت، عاقل و بالغ جو جمعیۃ علماء ہند مقاصد سے اتفاق رکھتا ہو وہ جمعیۃ علماء کا ممبر بن سکتا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کو پانچ زون میں تقسیم کرکے مقامی یونٹوں کے صدور و نظماء کو جلد از جلد میٹنگ بلاکر ممبر سازی کالائحہ عمل بنانے کی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں شہر کانپور سے کم از کم ایک لاکھ ممبر بنانے کا عز کیا گیا۔ میٹنگ میں طے پایا کہ جمعیۃ علماء کے تعارف اور خدمات پر اردو اور ہندی میں پمفلٹ شائع کیے جائیں گے اور مساجد کے باہر کیمپ لگاکر لوگوں کو جمعیۃ کا ممبر بنایا جائے گا۔جمعیۃ علماء ہند نے ہر صوبہ سے پانچ مثالی اضلاع منتخب کیے ہیں جن میں کانپور بھی شامل ہے۔ مثالی اضلاع کے جملہ ممبران کیلئے مشاورتی و تربیتی اجلاس ۱۲؍ جنوری بروز اتوار صبح ۹؍ بجے سے عشاء تک جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں منعقد کیا جائے گا جس میں جمعیۃ علماء کے تمام شعبہائے جات، خدمات کا تعارف کرانے کے ساتھ جدید تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و ملت کی خدمت کا طریقہ کار پیش کیا جائے گا۔اجلاس معراج النبیؐ کے موقع پر ۲۴،۲۵ اور ۲۶؍ جنوری کو رجبی گرائونڈ پریڈ میں مسابقہ حفظ قرآن منعقد کیا جارہا ہے۔ مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے بتلایا کہ اجلاس میں دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا مفتی محمد راشد اعظمی، مفتی سید محمد عفان منصورپوری سمیت ملک کی اہم شخصیات تشریف لارہی ہیں۔ اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کا کنوینر شہری نائب صدر مولانا محمد انیس خان قاسمی کو منتخب کیا گیا۔ یہ کمیٹی اجلاس کی جملہ تیاریوں کی کمان سنبھالے گی۔مولانا عبداللہ قاسمی نے کہا کہ یوم جمہوریہ کی تاریخیں نزدیک آرہی ہیں۔ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ جمعیۃ علماء ہند نے ملک کو آزاد کرانے اور آئین سازی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس سلسلے میں ۲۶؍جنوری کو ۱۱؍بجے جمعیۃ بلڈنگ میں پرچم کشائی کے ساتھ تقریب جشن جمہوریہ کا انعقاد کیا جائے گا۔آنے والی یکم اور ۲؍ فروری کو لکھیم پور کھیری کے قصبہ محمدی میں ہونے والے جمعیۃ علماء وسط زون اترپردیش کے اجلاس عام میں شرکت کیلئے تمام اراکین نے اتفاق کا اظہار کیا۔ اس حوالہ سے طے پایا کہ یکم فروری کو بذریعہ بس تمام اراکین منتظمہ اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ شہر سے بڑی تعداد میں عوام الناس کی شرکت کیلئے تحریک چلائی جائے گی۔میٹنگ کا آغاز قاری مجیب اللہ عرفانی تلاوت سے ہوا۔ مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔ میٹنگ میں مفتی عبدالرشید قاسمی، نائب صدر مولانا محمد انیس خاں قاسمی، سکریٹریان زبیر احمد فاروقی، قاری انیس احمد صابری، قاری عبدالمعید چودھری، مولانا انصار احمد جامعی، مولانا عقیل احمد جامعی، شارق نواب، خازن مولانا انیس الرحمن قاسمی، محاسب مولانا آفتاب عالم قاسمی، محمد انصار خاں، مولانا محمد ذاکر قاسمی، حافظ محمد سلمان جامعی، مولانا کلیم احمد جامعی، مفتی سعید خاں قاسمی، مولانا محمد سجاد قاسمی، خورشید عالم قریشی، مولانا معراج الحق جامعی، مولانا فریدالدین قاسمی، مولانا سہیل قاسمی، مولانا سعد خان ندوی، حافظ عبیداللہ محمود، ماسٹر عبدالحلیم، جنید عالم، مولانا شادان نفیس قاسمی، حافظ محمد رضوان مکی، حافظ محمد عرفان، مولانا محمد ناظم جامعی، مولانا شرف عالم ثاقبی، اعجاز حسن اور مولانا محمد فہد جامعی بطور خاص موجود تھے۔