نئی دہلی، 4دسمبر: دہلی میں ایم سی ڈی انتخابات کے لیے آج ووٹنگ ہوئی۔ شام 5:30 بجے تک دہلی کے تمام 250 وارڈوں میں تقریباً 50 فیصد پولنگ متوقع ہے۔ کئی پولنگ اسٹیشنوں پر شام ساڑھے پانچ بجے سے پہلے آنے والے ووٹرز سے ووٹنگ بھی کروائی گئی۔ ووٹنگ کے اعداد و شمار میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے تاہم ووٹنگ کا فیصد پچھلی بار سے کم رہنے کا امکان ہے۔ پچھلی بار 2017 میں تقریباً 54 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ پولنگ صبح سات بجے شروع ہوئی جو شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہی۔ بلدیاتی انتخابات کے نتائج 7 دسمبر کو سامنے آئیں گے۔ اس بار سہ رخی مقابلہ بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان ہے۔ ایم سی ڈی انتخابات میں 1349 امیدوار میدان میں ہیں۔ایم سی ڈی کو1958 میں قائم کیا گیا تھا۔ 2012 میں اس وقت کی وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کے دور میں، اسے تین حصوں، شمالی، جنوبی اور مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن میں تقسیم کیا گیا تھا، حالانکہ اس سال یہ تینوں دوبارہ متحد ہو گئے ہیں۔ ایم سی ڈی میں بی جے پی 15 سال سے اقتدار میں ہے۔
واضح رہے کہ قومی راجدھانی کے بلدیاتی انتخابات میں 250وارڈوں کیلئے پولنگ اتوار کی صبح 8بجے سے شروع ہو ئی ہے اور شام 5.30بجے تک جاری رہی۔ دہلی میں 250وارڈوں کیلئے کل 13665بوتھ مراکز بنائے گئے تھی جہاں آج پولنگ ہوئی۔ راجدھانی کے رہائشیوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے صبح سویرے ہی پولنگ بوتھ کے باہر آنا شروع کر دیا تھا۔ کئی پولنگ اسٹیشنوں پر لوگ قطاروں میں کھڑے دیکھے گئے، جبکہ کئی میں پولنگ شروع ہوتے ہی ابتدائی مرحلے میں ووٹروں کی تعداد کم دیکھی گئی۔ بلدیاتی انتخابات میں کل 1349امیدوار اپنی قسمت آزمانے اترے ہیں۔ جہاں دارالحکومت کے عوام اپنی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک مشین میں بند کر دی گئیں۔دہلی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا اور اس کی تمام سرحدوں پر سیکورٹی بڑھا دی گئی تھیں ۔ 84000دہلی پولس، پیرا ملٹری اور ہوم گارڈ کے اہلکاروں کو حفاظتی نظام میں تعینات کیا گیا تھا۔ پولس بوتھ پر کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار رہا ۔ سینئر افسران تمام بوتھوں پر خصوصی نظر رکھے ہوئے تھے ۔ دہلی پولس کے 55000 اہلکار، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، آئی ٹی بی پی اور بی ایس ایف کی 108کمپنیاں یعنی تقریباً 8000اہلکار اور 21000ہوم گارڈ تعینات کیے گئے تھے۔ راجدھانی کے تمام وارڈوں میں 1.46کروڑ سے زیادہ باشندے شہری انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ دہلی پولس حساس مقامات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ۔ پولنگ بوتھ پر سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔ ان تمام بوتھوں پر سی سی ٹی وی نصب کئے گئے۔ بزرگ اور معذور افراد کے گھروں پر ان کے ووٹنگ میں حصہ لینے کیلئے کو ٹرائی سائیکل بھیجی گئی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق دارالحکومت میں 4نومبر کو نافذ ہو گیا تھا۔دہلی میونسپل کارپوریشن کیلئے انتخابی مہم 2دسمبر کی شام 5 بجے ختم ہو گئی۔ انتخابی نتائج کا اعلان 7دسمبر کو کیا جائے گا۔
وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر ہرش وردھن، پرویش ورما، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال، عام آدمی پارٹی (آپ) کے وزیر گوپال رائے، کانگریس لیڈر اجے ماکن، الکا لامبا اور کئی سیاسی لیڈروں نے اتوار کو دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے انتخابات کیلئے ووٹ دیا۔تمام رہنماؤں نے عوام سے زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے ۔












