دیوبند، میلہ دیکھ کر واپس آنے والی ایک فیملی کے ساتھ کچھ آوارہ نوجوانوں نے چھیڑ خانی کی ، لیکن ان کی حرکت کی مخالفت کرنے پر نوجوانوں نے ایک خاتون اور اس کے شوہر کو مارپیٹ کرکے بری طرح زخمی کردیا، جنہیں علاج کے لئے سرکاری اسپتال میں داخل کرایاگیا، متأ ثرہ فیملی کی تحریر پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق گزشتہ شب دیوبند کے محلہ شاستری چوک کے باشندہ شری اوم اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ بالا سندری دیوی کا میلہ دیکھنے گئے تھے، جب وہ میلہ سے اپنے گھر واپس آرہے تھے تو میلہ گیٹ کے قریب نامعلوم نوجوانوں نے ان کے ساتھ چھیڑ خانی شروع کردی ۔ جب پوری فیملی نے نوجوانوں کی حرکت پر اپنی ناراضگی اور مخالفت کا اظہار کیا تو شرپسند نوجوانو ںنے شری اوم اور ان کی اہلیہ کو لاٹھی ڈنڈوں سے مارپیٹ کر زخمی کردیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا اور زخمیوں کو علاج کے لئے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا۔ بعد ازاں متأ ثرہ فیملی نے پولیس کو ایک تحریر دی جس کی بنیاد پر پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ کوتوالی انچارج ایچ این سنگھ نے بتایا کہ ایک نوجوان کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر ملزمان کو بھی جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندعناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔












