حیدرآباد، 14؍ جولائی،:،ہماراسماج: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، نظامت فاصلاتی تعلیم کے ریجنل و اسسٹنٹ ریجنل ڈائرکٹرس کے دو روزہ اورینٹیشن ورکشاپ کے دوسرے دن پروفیسراشتیاق احمد ،رجسٹرار نے خطاب کیا اور فرداً فرداً تدریسی، غیر تدریسی اور تعلیمی امور سے متعلق شکایات کی سماعت کی اور انہیں جلد سے جلد حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے حکومت ہند اور یو جی سی کے حوالے سے اولڈ پینشن اسکیم کا کے بارے میں بتایا کہ 22دسمبر 2003 سے قبل جن ملازمتوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا تھا اور جن کے تقررات نئی پنشن اسکیم کے تحت ہوئے ہیں ایسے ملازمین کو اولڈ پنشن اسکیم سے استفادہ کا موقع دیا جارہا ہے۔ انہوں نے نان ٹیچنگ کے پروموشن کے تعلق سے واضح کیا کہ یونیورسٹی لگاتار یو جی سی سے رابطہ کر کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور بہت سارے مسائل کوحل کر لیاگیا ہے۔انہوں نے غیر تدریسی عہدوں کے پروموشن کے لیے ممکنہ کوشش کی یقین دہانی بھی کرائی اور یہ واضح کیا کہ اس کے لیے پروموشنل پالیسی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بغیر یو جی سی کی منظوری کے کسی بھی طرح کا پروموشن یا اپ گریڈیشن نہیں دیا جاسکتا۔رجسٹرار نے تمام ریجنل ڈائریکٹرس کے دیے گئے مشوروں پر غور کرنے کا بھی یقین دلاتے ہوئے کہا کہ انہیں عملی جامہ پہنایا جائے گا۔اس موقع پر پروفیسر رضاء اللہ خان، ڈائرکٹر نظامت کے علاوہ اسسٹنٹ رجسٹرارس ڈاکٹر مبشر احمد اور جناب فیض الرحمن شہہ نشین پر موجود تھے۔بعد ازاں منعقدہ اختتامی اجلاس کی صدارت پروفیسر شگفتہ شاہین، او ایس ڈی I نے کی جبکہ پروفیسر صدیقی محمد محمود، او ایس ڈی II بحیثیت مہمان خصوصی شریک رہے۔ پروفیسر رضاء اللہ خان اور پروفیسر نثار احمد آئی ملّا بھی شہہ نشین پر موجود تھے۔ ڈاکٹر وسیم پٹھان نے اختتامی اجلاس کی کارروائی چلائی۔آج صبح سیشن ’’ایڈمیشن ڈرائیو‘‘ کی صدارت پروفیسر رضاء اللہ خان نے کی جبکہ پروفیسرعلیم اشرف جائسی،ڈین بہبودیِ طلبہ نے سیشن ’’مدارس تک رسائی‘‘ (Reaching out to Madarsas) کی صدارت کی۔قبل ازیں ریجنل و اسسٹنٹ ریجنل ڈائرکٹرس نے فینانس آفیسر، کنٹرولر امتحانات، ڈائرکٹر آئی کیو اے سی اوردیگر متعلقہ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا اور اپنے مسائل پیش کیے۔ پروفیسر گلفشاں حبیب، پروفیسر شاہین الطاف شیخ، ڈاکٹر ریحان ملک، ڈاکٹر آفتاب عالم بیگ، ڈاکٹر محمد جمال الدین خان، ڈاکٹر شفیق احمد، ڈاکٹر شیخ وسیم اور محمد شاہنواز حیدر نے مختلف سیشنس کی کارروائی چلائی۔