بھیونڈی،6 دسمبر : مسجدیں مسلمانوں کیلئےاعزاز ، باعث شرف اور دینی شعار ہیں، مساجد کو نمازوں اور ذکرِ الٰہی کے ساتھ آباد کرنے والوں کو اللہ تعالی رفعت اور سعادت سے نواز کر ان کی شرح صدر فرما دیتا ہے، مسجدوں میں قرآن و سنت کی تعلیم مساجد کی آبادکاری کیلیے حکمِ ربانی کی تعمیل ہے، اس سے احیائے سنت نبوی کے ساتھ وقت اور عمل میں برکت ملتی ہے۔ان خیالا ت کا اظہار حضرت مولانا محمد عرفان قاسمی مبلغ دار العلوم دیوبند نے گذشتہ دنوں جمعیۃعلماء کے زیر اہتمام وتھل نگر بھیونڈی میں منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ اور سیرۃ النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا نے اپنے تفصیلی خطاب میںمسجد کی اہمیت و افادیت ،مساجد کو آباد کیسے کیا جائے، مساجد کے ذریعہ سے کیاکیا کام کیا جا سکتا ہے پر روشنی ڈالتے ہوئے فر مایا کہ انسان خود کو اور اپنی اولاد کو بہتری کی جانب گامزن کرتا ہے، اگر کوئی شخص مساجد کی خیر سے محروم ہے یا اس خیر میں رکاوٹ بنتا ہے تو وہ بہت سی فضیلتوں سے محروم ہے۔مہمان مقرر مفتی سید محمدحذیفہ قاسمی ( ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) نے دینی تعلیم کی اہمیت و ضرورت ،بچوں کی دینی تربیت کیسے کی جائے ، دینی امور سے واقفیت، قرآن و حدیث کے ذریعہ معاشرہ کی اصلاح کا فریضہ انجام دینے پر زور دیا ہے تاکہ مسلمانوں کا دین و دنیا درست ہو سکے ۔مکاتب دینیہ کی ترقی یعنی جہاں مکتب چل رہا ہے اسے ترقی دی جائے، اسے مضبوط و مستحکم کیا جائے ،بچوںکی تعداد بڑھائی جائے ،ان کی مقدار خواندگی کا جائزہ لیا جائے ،اور جہاں مکاتب قائم نہیں ہیں وہاں مکتب قائم کیا جائے بچوں کی تعلیم و تر بیت کے لئے خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس مفتی عزیزالرحمن فتحپوری کی صدارت میں منعقد ہوا ،جس کا آ غاز قر آن کریم کی تلاوت اور نعتیہ کلام سے ہوا ،اجلاس میں شہر بھیونڈی کے علماء کرام ،ائمہ مساجد کے علاوہ مسجد کے خطیب مفتی ابو ہریرہ فیصل،مولانا جاوید قاسمی ،مولانا سفیان قاسمی ، مولانا شاداب قاسمی مولانا ساجدقاسمی و دیگر شریک تھے۔