نئی دہلی، ہمارا سماج: دارالحکومت دہلی کے معروف ادارہ جامعہ عربیہ شمس العلوم،شاہدرہ کے تحت انجمن اصلاح اللسان کا سالانہ مسابقتی پروگرام جامعہ کے صدر قاری اسجد زبیر کی صدارت میں منعقد ہوا۔یہ پروگرام تین نشستوں پر مشتمل تھا۔تینوں نشست تلاوت قرآن پاک اور نعت خوانی سے شروع ہوئی۔حَکَم کے فرائض مفتی کلیم الدین قاسمی سابق استاذِ حدیث جامعہ ہذا،مولانا امیر معاویہ قاسمی سابق استاذِ حدیث جامعہ ہذا،مولانا نسیم احمد قاسمی سابق استاذ عربی جامعہ ہذا اور جامعہ کے اساتذہ:مفتی آفتاب قمر قاسمی،مفتی افضال اختر قاسمی،مفتی محمد راشد قاسمی،مفتی محمد رحمانی قاسمی،مفتی محمد آصف قاسمی،مفتی جمال الدین قاسمی اور مولانا مرتضی قاسمی نے انجام دیے۔سیرت النبی اور چہل حدیث سوال و جواب میں جامعہ کے استاذ مفتی محمد آصف قاسمی نے سوالات کیے۔اور نظامت کی ذمہ داری محمد گلزار پنجم عربی اور محمد افضل پنجم عربی نے نبھائی۔پہلی نشست میں اردو زبان میں گروپ الف اور گروپ با کا تقریری مسابقہ ہوا۔ گروپ الف میں عربی درجات کے طلبہ نے حصہ لیا۔جب کہ گروپ ب میں جماعت اعدادیہ اور درجہ حفظ کے طلبہ نے حصہ لیا۔اردو تقریر گروپ الف میں اویس اکرم سوم عربی،محمد غفران سوم عربی اور منظر علی دوم عربی نے ترتیب وار اول،دوم اور سوم پوزیشن حاصل کئے۔اور گروپ ب میں محمد فرحان اعدادیہ اول پوزیشن،محمد مقصود درجہ حفظ دوم پوزیشن،محمد طارق انور درجہ حفظ سوم پوزیشن،رضاءالدین درجہ حفظ چہارم پوزیشن اور احتشام الحق اعدادیہ پنجم پوزیشن سے سرفراز ہوے۔
دوسری نشست میں درجاتِ عربی کے طلبہ کا عربی زبان میں تقریری مسابقہ اور اطفال کے طلبہ کا چہل حدیث سوال و جواب کا مسابقہ ہوا۔عربی تقریری مسابقہ میں محمد نوازش سوم عربی اول پوزیشن،محمد گلزار پنجم عربی دوم پوزیشن اور محمد افضل پنجم عربی سوم پوزیشن سے نوازے گئے۔اور چہل حدیث سوال و جواب میں محمد عزیر درجہ اطفال،محمد عفان درجہ اطفال اور محمد ابو ظفر درجہ اطفال نے ترتیب وار اول،دوم اور سوم پوزیشن سے سرفراز ہوئے۔تیسری نشست میں سیاغ وملکی معلومات کوئز اور بیت بازی کے پروگرام کے علاوہ صدر محترم، مہمانان کرام اور جامعہ کے اساتذہ نے اپنے اپنے تاثرات اور پند نصائح سے طلبہ کو نوازا۔نیز اس نشست میں کچھ طلبہ نے انگریزی زبان میں تقریریں کیں۔بیت بازی میں دو گروپ تھے:بزم حالی اور بزم جگر۔بزم حالی نے فتح حاصل کی۔طلبہ میں تحریری صلاحیت بیدار کرنے لیے انجمن ہذا کے تحت ماہانہ دیواری پرچہ’الشمس‘ اساتذہ کی نگرانی میں نکالا جاتا ہے۔جس میں مضمون نگاری کے مسابقہ میں محمد افضل پنجم عربی نے اول،محمد نوازش سوم عربی نے دوم اور محمد گلزار پنجم عربی نے سوم پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔انجمن کے نگراں اور جامعہ کے استاذ مولانا محمد حذیفہ قاسمی نے نتائج کا اعلان کیا۔تمام پوزیشن لانے والے طلبہ کو صدرِ جامعہ قاری اسجد زبیر کے ہاتھوں سے گراں قدر انعامات سے نوازا گیا۔اور دیگر طلبہ کو بھی تشجیعی انعامات دیے گئے۔تقسیم انعات سے قبل انجمن کے نگراں مولانا حذیفہ قاسمی نے طلبہ کی اچھی کار کردی پر خوشی کا اظہار کیا۔ساتھ ہی انھوں نے پورے سال طلبہ سے ہونے والی کوتاہیوں کی نشان دہی کرتے ہوے مزید محنت و لگن کی ترغیب دی۔آخری مرحلے میں مولانا امیر معاویہ قاسمی نے اپنے تاثراتی بیان میں طلبہ نصیحت کرتے ہوے کہا کہ آپ محنت کریں تعلیم کے ہر میدان میں باکمال بنیں۔قوم و ملت کے لیے نافع بنیں۔انہوں نے کہا کہ نفع بخش چیزوں کو اللہ تعالیٰ استقامت اور ثابت قدمی عطا فرماتے ہیں۔زمین ہیں جما دیتے ہیں۔ مفتی کلیم قاسمی نے طلبہ کو احساس کمتری سے نکلنے کی ترغیب دی۔انھوں نے کہا کہ نبی کے وارث ہیں۔بڑے بڑے شاہان وقت آپ سے محبت اور عزت کریں گے۔شرط ہے کہ آپ اپنے مقام کی قدر کریں۔اپنی زمہ داریاں سمجھیں۔جامعہ کے ناظمِ تعلیمات مولانا وسیم اکرم قاسمی نے پروگرام کی تینوں نشستوں پر اختصار سے روشنی ڈالی۔تمام طلبہ کی بھر پور حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر تعلیمی میدان تین طرح کے ہیں۔تدریسی،تحریری اور تقریری۔صرف ان تینوں میں آپ کمال حاصل کر لیں۔ان شاءاللہ ہر میدان میں کامیاب رہیں گے۔انہوں نے سالانہ امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کے لیے انعامی پروگرام کا بھی اعلان کیا۔انھوں کہا کہ شوال المکرم میں انعامی پروگرام ہوگا۔جس میں کامیاب طلبہ کو گراں قدر انعامات سے نوازا جائے گا۔آپ طلبہ پوری لگن سے امتحان کی تیاری میں مصروف رہیں۔اپنے قیمتی اوقات کی حفاظت کریں۔آخر میں صدرِ اجلاس اور صدرِ جامعہ قاری اسجد زبیر نے اپنے دعائیہ کلمات میں جامعہ کے مہتمم مولانا شعیب انجم جامعی کو یاد کر کے آب دیدہ ہو گئے۔جو ابھی کچھ دنوں قبل اللہ کے پیارے ہو گئے تھے۔انھوں کہا کہ ابھی گزشتہ پروگرام میں وہ ہمارے ساتھ تھے۔آج ان کی جگہ خالی دیکھ کر جو دکھ ہو رہا ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے۔انھوں نے مہتمم صاحب کے لیے دعائے مغفرت کی۔صدر جامعہ قاری اسجد زبیر کی ہی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔اس موقع پر جامعہ کے ناظم:مولانا حبیب الرحمن جامعی،مولانا شاہد انور قاسمی،قاری تبارک کریم،قاری اسعد الحق،قاری خالد اور قاری انور بطورِ خاص موجود تھے۔












