لاہور (یو این آئی) پاکستان نے کپتان آغا سلمان (56)، شاداب خان (48) اور حسن نواز (44) کی شاندار اننگز کے بعد حسن علی (پانچ وکٹ) کی شاندارگیندبازی کی بدولت بنگلہ دیش کو پہلے ٹی 20 میچ میں 37 رنز سے شکست دے دی، اس کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔بدھ کی شب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری پاکستان کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے محض پانچ رن پر اپنی 2 وکٹیں گنوا دیں۔ صائم ایوب (صفر) اور فخر زمان (ایک) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد حارث اور آغا سلمان نے تیسرے وکٹ کے لیے 48 رنز جوڑے۔ ساتویں اوور میں تنظیم حسن ثاقب نے محمد حارث 18 گیندوں پر(31) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ بلے بازی کرنے آئے حسن نواز نے سلمان کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 65 رنز جوڑے۔ 12ویں اوور میں حسن محمود نے سلمان کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو چوتھی کامیابی دلائی۔ سلمان نے 34 گیندوں میں (56) رنز بنائے۔ حسن نواز 22 گیندوں پر (44) اور شاداب خان 25 گیندوں پر (48) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 201 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شرف الاسلام نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مہدی حسن، حسن محمود، تنظیم حسن ثاقب، رشاد حسین اور شمیم حسین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔202 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری بنگلہ دیش کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 37 کے اسکور پر دو وکٹیں گنوا دیں۔پرویز حسین ایمون (4) اور تنزید حسن (31) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان لٹن کمار داس اور محمد توحید ہردوئے کی جوڑی نے تیسرے وکٹ کے لیے 63 رنز جوڑے۔ 12ویں اوور میں شاداب خان نے لٹن کمار داس 30 گیندوں پر (48) رن کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اگلے ہی اوور میں خوشدل شاہ نے محمد توحید ہردوئے (17) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ ذاکر علی 20 گیندوں پر (36) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پاکستانی باؤلنگ اٹیک کے سامنے بنگلہ دیش کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک پچ پر نہ ٹھہر سکا۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو 19.3 اوورز میں 164 رنز پر آؤٹ کر دیا اور میچ 37 رنز سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 30 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان کو دو وکٹ ملے۔ فہیم اشرف، خوشدل شاہ اور آغا سلمان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔