اسلام آباد (یواین آئی) پاکستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو بینک الفلاح ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں 13 رن سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں ایک ایک سے برابر ی کرلی۔
ٹی20 بین الاقوامی تاریخ میں پاکستان کی خاتون ٹیم نے اپنا سب سے بڑا ا اسکور 181 بنایا جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز ہی بناسکی۔
اس سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور 177 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ تھا جو انہوں نے جون 2018 میں ملائیشیا کے خلاف کوالالمپور میں بنایا تھا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔
منیبہ علی اور گل فیروزہ نے پاکستان کو 25 رنز کا آغاز فراہم کیا، گل فیروزہ 2 چوکوں کی مدد سے10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں، منیبہ علی نے مثبت اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی تاہم ڈیرکسن نے ان کی 34 گیندوں پر 45 رنز کی عمدہ اننگز کا خاتمہ کردیا جس میں6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔












