کینیڈا کے ایک ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 18 افراد زخمی ہوئے تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ واقعہ پیر کو ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پیش آیا۔رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ڈیلٹا ایئرلائنز کے جہاز میں 76 مسافروں کے علاوہ عملے کے چار ارکان بھی سوار تھے۔ایئرلائن کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر منی ایپولس سے آنے والا جہاز سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب ٹورنٹو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔طبی سہولتیں فراہم کرنے والے ادارے کے حکام نے اے ایف پی کو بتایا کہ زخمی ہونے والے 18افراد میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ جن میں ایک بچہ، ایک 60 سالہ شخص اور ایک 40 سالہ خاتون شامل ہیں۔حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ حادثے کے بعد فوری امدادی کارروائی شروع کی گئی اور تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں لے جایا گیا، جس کے لیے ایمبولینسز اور ہیلی کاپٹر کو استعمال کیا گیا۔واقعے کے حوالے سے مقامی میڈیا پر ڈرامائی قسم کے مناظر دکھائے گئے ہیں، جن کو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا جا رہا ہے، جن میں مسافروں کو ایسے جہاز سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو الٹا پڑا ہوا ہے اور فائر سکواڈ کا عملہ جہاز پر پانی ڈال رہا ہے جس میں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔ٹورنٹو ایئرپورٹ کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی کہ ’حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر کام کر رہی ہیں اور مسافروں اور عملے کے ارکان کو نکالا جا رہا ہے۔‘واقعے کے بعد دیگر تمام شیڈول پروازیں معطل کر دی گئیں۔فیس بک کے ایک یوزر، جنہوں نے دعویٰ کیا کہ اس جہاز پر سوار تھے، نے واقعے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں کریش ہونے والا جہاز دکھائی دے رہا ہے۔انہوں نے ساتھ لکھا کہ ’ہمارا جہاز کریش ہونے کے بعد الٹ گیا ہے۔ زیادہ تر لوگ ٹھیک لگ رہے ہیں اور ہم سب باہر نکل رہے ہیں۔‘اسی طرح ڈیلٹا کی جانب سے بھی حادثے کے حوالے سے تصدیق کی گئی۔اس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی اطلاعات یہ ہیں کہ کوئی جان سے نہیں گیا، مزید معلومات آنے پر شیئر کر دی جائیں گی۔‘اتوار کو کینیڈا کے مشرقی حصے میں شدید برف باری ہوئی، درجہ حرارت بہت کم ہوا جبکہ پیر کو بھی موسم کافی سرد تھا اور بعض پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔












