نئی دہلی ، ایجنسیاں: مغربی بنگال کے پارلیمانی الیکشن میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کامیابی کے بعد اس پارٹی کے فتح کے جشن کے تناظر میں شروع ہونے والی بدامنی میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ سے بدھ چھ مئی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پولیس اور دونوں حریف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بدامنی میں چار کارکنوں کے مارے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ مغربی بنگال کی آبادی 100 ملین سے زائد ہے اور وہاں ریاستی اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بی جے پی نے کُل 294 نشستوں میں سے 206 پر کامیابی حاصل کر لی تھی۔ ان انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان پیر کے روز کیا گیا تھا۔












