وزیر اعظم دو روزہ دورے پر فرانس پہنچ گئے ہیں ۔امید کی جا رہی کہ اس دورے میں کئی اہم معاہدے کریںگے۔اس بیچ کانگریس کے لیڈر رندیپ سنگھ سرجیوالا نے ایک ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی میڈیا پارٹ نے 11جولائی 2023کو رافیل خلاصے کی اگلی قسط کو پھر واضح کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ 2016کے رافیل سودے میں بدعنوانی ،دلالی اور دوست پروری کی جانچ کر رہی کورٹ کونسل نے بھارت کے افسران سے تعاون کی درخواست کی ہے ۔سرجے والا نے بھارت سرکار سے پوچھا ہے کہ آخر وہ عوام کے سامنے اس ڈیل کی وضاحت کیوں نہیں کر رہی ہے ۔؟اسے قالین کے اندر کیوں چھپایا جا رہا ہے ؟آخر بھارت کے لوگوں کو یہ جاننے کا حق کیوں نہیں ہے کہ بد عنوانی پر وہ کون سی جانکاری ہے جو بھارت فرانس کو دینے سے کترا رہی ہے ؟کانگریس لیڈر نے سوال کیا کہ کیا فرانس کے ذریعہ ریلائنس فلیگ اٹلانٹک فرانس سے 151ملین یورو ٹیکس کی مانگ کی گئی ہے ؟کیا اسکا 2016میں کئے گئے 36رافیل جہازوں کے سودے سے کوئی تعلق ہے ؟انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو اب اپنی خاموشی توڑنی ہوگی ۔یقینا اس سودے کے خلاصہ سے یہ بات صاف ہو جائے گی کہ حق صرف حق کا طالب ہوتا ہے ۔
قارئین کو یہ یاد دلانے کی ضرورت نہیں ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی فرانس کے دو روزہ دورے پر جمعرات کی علی الصبح نئی دہلی سے پیرس روانہ ہوئے۔ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں ہندوستان اور فرانس کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعلقات کی توسیع کو ترجیح دی جائے گی۔ وزیر اعظم مودی 14 جولائی کو فرانس میں باسٹیل ڈے (French National Day) کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ اپنے دورے کے دوران وہ صدر ایمانوئل میکرون اور دیگر فرانسیسی معززین کے ساتھ ملاقات کر بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہندوستانی کمیونٹی اور اعلیٰ سی ای اوز سے بھی بات چیت کریں گے۔ یہ بات بھی زیر بحث ہے کہ وزیر اعظم مودی اور صدر میکرون کے درمیان ہونے والی ملاقات میں حکومت فرانس اور ہندوستان کے درمیان رافیل جیٹ طیاروں کے 26 نیوی ویریئنٹس کی خریداری کے معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ ہندوستان کی تینوں فوجوں کا 269 رکنی دستہ بھی 14 جولائی (جمعہ) کو ہونے والی سالانہ باسٹل ڈے پریڈ میں شرکت کرے گا۔ اس موقع پر فرانسیسی طیاروں کے ساتھ ہندوستانی فضائیہ (IAF) کے تین رافیل لڑاکا طیارے بھی فلائی پاسٹ میں حصہ لیں گے۔ وزیر اعظم مودی فرانس اور ہندوستان کے درمیان دفاع، خلائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت کئی اہم شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔ پی ایم مودی فرانس کے دورے کے بعد ابوظہبی بھی جانے والے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے جمعرات کی صبح ٹویٹ کیا، ‘پیرس کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، جہاں میں باسٹیل ڈے کی تقریبات میں شرکت کروں گا۔ میں صدر ایمانوئل میکرون اور دیگر فرانسیسی معززین کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کا منتظر ہوں۔ دیگر پروگراموں میں ہندوستانی کمیونٹی اور اعلیٰ سی ای اوز کے ساتھ بات چیت شامل ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی سربراہی میں دفاعی حصول کونسل (DAC) سے اہم دفاعی سودوں کو منظوری دینے کی امید ہے جن کا اعلان وزیر اعظم مودی کے پیرس کے دورے کے دوران متوقع ہے۔ رافیل اور ہوائی جہاز کے انجن سے متعلق پروجیکٹ کے علاوہ ڈی اے سی 3 اضافی اسکارپین آبدوزوں کی خریداری کو بھی منظوری دے سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مختلف ممالک کے ساتھ ہندوستان کے دفاعی تعاون کے ‘فریم ورک آف ریفرنس’ میں تبدیلی آئی ہے اور ‘میک ان انڈیا‘ پہل پر زور دیا گیا ہے۔ ایسے میں فرانس بھی اس کی پیروی کرے گا۔ پی ایم مودی فرانس کے سینیٹ کے صدر جیرارڈ لارچر، وزیر اعظم الزبتھ بارنس سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ > صدر میکرون وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں ڈنر کی میزبانی کریں گے آج شام صدر میکرون وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام کریں گے۔ پی ایم مودی جمعہ کو باسٹل ڈے کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور فرانس کی قومی اسمبلی کے اسپیکر یال براؤن پیوت سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم مودی کا جمعہ کو ہی ایلیسی پیلس میں روایتی استقبال کیا جائے گا اور اس کے بعد مودی اور میکرون کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ دونوں رہنما انڈیا فرانس سی ای او فورم میں بھی شرکت کریں گے۔ خارجہ سکریٹری ونے کواترا نے کہا کہ دونوں رہنما سٹریٹجک شراکت داری کے اہم ستونوں کا جائزہ لیں گے جن میں سیکورٹی، سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی، انسداد دہشت گردی، سائبر سیکورٹی، خلائی، موسمیاتی تبدیلی وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنما خلا میں نئے شعبوں میں تعاون کے طریقے تلاش کر سکتے ہیں۔
( شعیب رضا فاطمی )