حیدرآباد،پریس ریلیز،ہمارا سماج: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا شمار ملک کی باوقار یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے۔ یہاں طلبہ کو تمام سہولیات دستیاب ہیں۔ اب یہ طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وقت کا مثبت استعمال کریں۔یونیورسٹی میں رینگنگ کی سخت ممانعت ہے ۔ اگر کوئی طالب علم اس کا قصور وار پایا جائے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں طلبہ کے تعارفی پروگرام (SIP) میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروفیسر علیم اشرف جائسی، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر نے ایس آئی پی کے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ایس آئی پی کے ذریعہ طلبہ کو ایک ہفتہ میں یونیورسٹی اور اس میں دستیاب سہولتوں اور یہاں کے اصول و ضوابط سے واقف کروانا مقصود ہے۔ انہوں نے بتلایا کہ ڈی ایس ڈبلیو کی ٹیم ہمہ وقت طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے دستیاب رہتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلبہ اپنی ترقی کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کی ترقی میں نمایاں رول ادا کریں گے۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ جاریہ تعلیمی سال سے یونیورسٹی کے مختلف پروگرامس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی اگلے تعلیمی سال کی فیس معاف کرے گا۔طلبہ کے اس پروگرام میں ایس اے ہدیٰ آئی پی ایس (ریٹائرڈ)، سابق ڈی جی پی متحدہ آندھرا پردیش نے ”قبل از وقت تعینِ ہدف : بڑے خواب کے لیے“ کے زیر عنوان خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنے پسند کے میدان کا انتخاب کریں ۔ پھر اس کے حصول کے لیے سخت محنت کریں۔ کیوں کہ کامیابی کے لیے منصوبہ بندی کے ساتھ سخت محنت بھی ضروری ہے۔پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے طلبہ کے اس تعارفی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں طلبہ کے لیے تمام سہولتیں دستیاب ہیں۔ یہ طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان سے فائدہ اٹھائیں اور اپنا کیریئر تابناک بنائیں۔ مانو میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طرح حکومت ہند کی جانب سے سیول سروسز کوچنگ اکیڈیمی بھی کارکرد ہے۔ جس میںطلبہ کو اس اہم امتحان کی تیاری کروائی جاتی ہے۔ پروفیسر شگفتہ شاہین نے کہا کہ داخلہ امتحان کی بنیاد پر بہترین طلبہ کا انتخاب مانو میں عمل میں آیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ تمام اپنی محنت اور لگن کے ذریعہ اپنی کیریئر کی بلندی پر پہنچیں گے۔ اور اس ادارے کا نام روشن کریں گے۔پروفیسر صدیقی محمد محمود نے بھی اس پروگرام کو مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کیمپس میں زبردست تنوع ہے۔ یہاں زبان، علاقہ اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے طلبہ ہیں۔ مجھے امید ہے کہ نئے طلبہ اس تنوع کو مزید فروغ دیں گے۔ پروگرام کے آغاز میں پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، صدر نشین ایس آئی پی 2024 نے خیر مقدم کیا۔اس پروگرام میں یو پی ایس سی امتحان کے پریلمس میں کامیابی حاصل کرنے والے یونیورسٹی کی کوچنگ اکیڈیمی کے طلبہ اُسامہ فہیم، زیبا، ونجا، خالد حسین، نعمان کو تہنیت پیش کی گئی۔ ڈاکٹر فیروز عالم، ڈپٹی ڈین ڈی ایس ڈبلیو نے مہمان کا تعارف پیش کیا۔ ڈاکٹر جمیل احمد، اسسٹنٹ ڈین ڈی ایس ڈبلیو نے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر طلحہ فرحان،اسسٹنٹ پروفیسر نے کارروائی چلائی۔ ڈاکٹر عبدالعلیم کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔