چنڈی گڑھ،(یو این آئی) ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے امن و امان پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پر قابو پانے میں کسی بھی سطح پر لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن تھانوں میں جرائم پر مؤثر طریقے سے قابو نہیں پایا گیا وہاں کے افسران کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر تنزلی جیسی سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بیان جمعہ کو فرید آباد میں پری بجٹ مشاورتی اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ پولیس ایک مضبوط اور قابل فورس ہے، لیکن اگر کہیں بھی جرائم یا منشیات کی اسمگلنگ بڑھ رہی ہے تو متعلقہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور اسٹیشن انچارجوں کو خود کا جائزہ لینا ہوگا۔ سینی نے کہا کہ یہ افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً جائزہ اجلاس منعقد کریں، مسائل کی جڑ تک پہنچیں اور ان کے ٹھوس حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ جب عام شہری بالخصوص خواتین کسی علاقے میں جرائم یا غیر قانونی سرگرمیوں کی شکایت کرتے ہیں تو پولیس اور انتظامیہ کو فوری اور موثر کارروائی کرنی چاہیے۔












