دیوبند ،سماج نیوز سروس: جلیل القدر عالم دین مولانا شیخ محمد زکریا ؒکاندھلوی کی معروف کتاب "فضائل اعمال” گزشتہ دنو تمل ناڈو میں منعقد ایک پروگرام کے دوران کانگریس کے سینئر رہنما اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو اس کتاب کا انگریزی ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ کتاب ملنے پر راہل گاندھی نے نہایت مسرت کا اظہار کیا اور اسے ضرور پڑھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے پیش کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ موصولہ تفصیل کے مطابق گزشتہ دنو تمل ناڈو میں منعقد ایک تقریب کے دوران کانگریس کمیٹی کے مائنارٹی ڈیپارٹمنٹ کے رانی پیٹ ضلع کے چیئرمین کے او نشاط احمد نے راہل گاندھی کو ‘‘فضائل اعمال’’ کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے کتاب کے مندرجات کے بارے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے اس کی تفصیل دریافت کی۔ جواب میں انہیں بتایا گیا کہ یہ کتاب پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کی حیات طیبہ، اسلامی تعلیمات اور مسلمانوں کی روزمرہ زندگی سے متعلق رہنمائی پر مشتمل ہے، جس میں عبادات، اخلاقیات اور معاشرتی اصولوں کو نہایت سادہ انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ کتاب کے تعارف سے متاثر ہو کر راہل گاندھی نے اسے خاص طور پر اپنے پاس رکھتے ہوئے کہا کہ وہ اس کا مطالعہ ضرور کریں گے اور اس طرح کی مثبت و اصلاحی کتابیں موجودہ معاشرے میں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ اس پیش رفت پر سہارنپور میں دینی و علمی حلقوں میں خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بالخصوص جامعہ مظاہر علوم سہارنپور سے وابستہ شخصیات نے اس اقدام کو قابل قدر قرار دیا ہے۔












