نئی دہلی، (یواین آئی) ملک کا اہم دفاعی اور اسٹریٹجک مکالمہ فورم "کلام اینڈ کووچ 3.0جمعرات کو یہاں منعقد کیا جائے گا، جس میں "آئی² – مقامی سازی اور بین الاقوامی تعاون” کے ذریعے ملک کی دفاعی خود انحصاری کو تیزی سے آگے بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس پروگرام میں اعلیٰ فوجی کمانڈر، پالیسی ساز، سفارت کار اور دفاعی صنعت کی اہم شخصیات ہندوستان کے بدلتے ہوئے سکیورٹی ڈھانچے پر دن بھر تبادلۂ خیال کریں گے۔ دفاعی شعبے سے وابستہ اہم اشاعتی ادارے پینٹاگون پریس اور ڈائری آف اے پبلشر (ڈی او اے پی) کی جانب سے سینٹر فار جوائنٹ وارفیئر اسٹڈیز (سی ای این جے او ڈبلیو ایس) اور بھارت ہمالین انٹرنیشنل اسٹریٹجک منچ (بھیشم) کے تعاون سے منعقد کیا جانے والا یہ سالانہ فورم قابلِ عمل پالیسی تجاویز تیار کرنے کے مقصد سے قائم کیا گیا ہے، جنہیں وزارتِ دفاع اور دیگر اہم شراکت داروں کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے۔ منتظمین کے مطابق، اس پروگرام کا تیسرا ایڈیشن "جے اے آئی” – مشترکہ عمل، خود انحصاری اور اختراع – کے تصور کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا، جنہیں ہندوستان کی دفاعی تبدیلی کے تین بنیادی ستون مانا گیا ہے۔ پروگرام کا آغاز جے اے آئی کی ناگزیریت” کے موضوع پر افتتاحی اجلاس سے ہوگا، جس میں پینٹاگون پریس کے راجن آریہ کا خیرمقدمی خطاب، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزری بورڈ کے رکن لیفٹیننٹ جنرل اے کے سنگھ کا افتتاحی خطاب، وزارتِ دفاع کے محکمہ دفاع کی ایڈیشنل سکریٹری دیپتی موہل چاولہ کا کلیدی خطاب اور انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف کے سربراہ ایئر مارشل آشوتوش دکشت کا اسٹریٹجک خطاب شامل ہوگا۔ ایل اینڈ ٹی کے ارون رام چندانی افتتاحی اجلاس میں صنعت کا نقطۂ نظر پیش کریں گے۔ اس کے بعد این ایس اے بی کے چیئرمین آلوک جوشی اور شیوم آریہ کے درمیان خصوصی مکالمہ ہوگا، جبکہ جدید دفاعی ٹیکنالوجیز کی ایک نمائش بھی منعقد کی جائے گی، جس کا مشاہدہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ بھی کریں گے۔ پروگرام کی خاص کشش افتتاحی اجلاس ہوگا، جس میں "ڈیفنس ری امیجنڈ” کتاب کی رونمائی، ہندوستان میں اٹلی کے سفیر انتونیو اینریکو بارتالی اور ہندوستان میں آرمینیا کے سفیر واہان افیان کے خطابات، اور جنرل ایٹامکس کے ڈاکٹر وویک لال کا اسٹریٹجک خطاب شامل ہوگا، جس کے بعد راجناتھ سنگھ افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے رکن لیفٹیننٹ جنرل راج شکلا بھی خصوصی خطاب کریں گے، جس کے بعد آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کے ہرش پنت، ایمبریئر کے سنکلپ شریواستو، سیفران کے جتیندر ایس گاونکر اور شیلڈ اے آئی کے سرجن شاہ کے ساتھ خصوصی مباحثہ ہوگا۔ دوپہر کے بعد کے اجلاس ہندوستان کی جنگی صلاحیت اور دفاعی مینوفیکچرنگ کے نظام کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہوں گے۔ پہلا اجلاس ہندوستان کی جنگی صلاحیت کو مستقبل کے لیے مضبوط بنانا” کے موضوع پر ہوگا، جس کی صدارت ریئر ایڈمرل مونٹی کھنہ کریں گے۔












