دیوبند،سماج نیوزسروس: رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوتے ہی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔بازار میں موجود پھلوں کی قیمتیں رمضان کے پہلے دن سے ہی کئی گنا بڑھ گئی ہیں جس کی وجہ سے روزہ داروں کو اس مقدس ماہ میں اپنی جیبیں زیادہ ڈھیلی کرنی پڑیںگی۔ روزہ دار اس پورے ماہ میں کھجور ، کیلا، سیب، پپیتا، تربوز اور دیگر پھلوں کا استعمال کرتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ مذکورہ پھلوں کی زیادہ خریداری کی وجہ سے دکانداروں نے ان کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ کردیا ہے۔ دیوبند میں پھلوں کے سپلائر بھاٹیہ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس آنے والے تمام پھل گزشتہ دنوں کی بہ نسبت زیادہ قیمت پر آرہے ہیں۔ دوسرے باہر سے یہاں تک لانے میں بھی پہلے سے زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے پھلوں کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہوگیا ہے۔ واضح ہو کہ جو کھجور 100روپے فی کلو تی وہ اب 200روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہی ہے۔ اسی طرح سیب 150روپے، کیلا 80روپے درجن، تربوز 30روپے کلو، سنترہ 120روپے کلو، پپیتا 60روپے کلو، چیکو 120روپے کلو ، انگور 120روپے کلو اور لیمو 60سے80روپے کلو فروخت ہورہے ہیں۔ اسی طرح سبزیوں کی قیمتوں میں بھی تیزی کے ساتھ اچھال آیا ہے۔ گوبھی جو رمضان سے قبل 20روپے کلو تھی وہ اب 30روپے کلو کے حساب سے فروخت ہورہی ہے۔ آلو، پیاز ، مٹر، ٹماٹر، بینگن، لوکی، شلجم، پالک، چقندر وغیرہ کی قیمتوںمیں بھی تیزی آگئی ہے۔












