کانپور،سماج نیوز سروس :قربانی اللہ رب العزت کا خاص حکم، سیدنا حضرت ابراہیم و اسماعیل علیہما السلام کی بے مثال قربانی کی یادگار اور نبی کریم ﷺ کی محبوب سنت ہے۔ اس عظیم عبادت کی حقیقی روح اور اس کے شرعی احکام سے امتِ مسلمہ کو روشناس کرانے کے لیےجمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی سرپرستی اور جمعیۃ علماء اترپردیش کے ناظمِ اعلیٰ مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی زیر نگرانی شہر میں 9 روزہ اجلاس’فضائل و مسائلِ قربانی‘ مہم کا باقاعدہ آغاز 19؍مئی سے کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء اترپردیش کے ناظمِ اعلیٰ مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے اپنے خصوصی پیغام میں فرمایا کہ کسی بھی عبادت کی شرف قبولیت کے لیے لازم ہے کہ اسے علم اور سنت کے درست سانچے میں ڈھال کر ادا کیا جائے۔ قربانی محض گوشت تقسیم کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ تقویٰ اور ایثار کا عملی مظاہرہ ہے۔ شہری جمعیۃ کے سکریٹری مفتی اظہار مکرم قاسمی نے اجلاس کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے بتایا کہ یکم؍ ذی الحجہ مطابق19؍مئی بروز منگل بعد عشاء مسجد قباء سرئیاں، 2؍ذی الحجہ مطابق20؍مئی بروز بدھ بعد عشاء مسجد ایک مناری عاشق علی جوہی لال کالونی ، 3؍ذی الحجہ مطابق21؍مئی بروز جمعرات بعد مغرب مسجد مدح خاں فیتھفل گنج، 4؍ذی الحجہ مطابق22؍مئی بروز جمعہ قبل نماز جمعہ مسجد نورانی پارا مندھنا،بعد عصر مسجد رحیمیہ میرپور، 5؍ذی الحجہ مطابق23؍مئی بروز سنیچر بعد عشاء مسجد بخشو جراح پٹکاپور، مصلیٰ بشیر باغیچہ روشن نگر، 6؍ذی الحجہ مطابق24؍مئی بروز اتواربعد عشاء مدنی مسجد شکلا گنج،7؍ذی الحجہ مطابق25؍مئی بروز پیربعد عشاء مدرسہ جامعہ رحمت بکرمنڈی ڈھال، 8؍ذی الحجہ مطابق26؍مئی بروز منگل بعد عشاء مدرسہ مرکز الاسلام پیچ باغ، 9؍ذی الحجہ مطابق27؍مئی بروز بدھ بعد عصر مسجد محمودیہ اجیت گنج میں ہونے والے اجلاس میں شہر و بیرون شہر کے جید علماء کرام قربانی کی فضیلت، اہمیت اور شرعی مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ مولاناامین الحق عبد اللہ قاسمی نے شہر کے تمام فرزندانِ توحید سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مقامی علاقوں کی مساجد میں منعقد ہونے والے ان پروگراموں میں بھرپور شرکت فرمائیں، تاکہ احکامِ شرعی سے مکمل واقفیت حاصل کر کے اس عظیم سنت کی ادائیگی احسن اور مسنون طریقے پر کی جا سکے اور ہم سب بارگاہِ الٰہی میں خصوصی اجر کے مستحق بن سکیں۔












