سید پرویز قیصر
ملتان میں انگلینڈ کے خلاف جاری پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن پاکستان کی پہلی اننگ میں سلمان آغا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے168 منٹ میں119 بالوں پر دس چوکوں اور تین چوکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر104 رن بنائے جو آٹھویں مقام پر بلے بازی کرتے ہوئے انکی ٹسٹ کرکٹ میں پہلی اور کل ملاکر تیسری سنچری تھی۔ وہ آٹھویں مقام پر سنچری بنانے والے پاکستان کے دسویں بلے باز ہیں۔ اس مقام پر پاکستان کی جانب سے اب تک تیرہ سنچریاں اسکور ہوچکی ہیں۔
پاکستان کی جانب سے آٹھویں مقام پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز کامران اکمل کے پاس ہے جنہوں نے22 ٹسٹ میچوں کی28 اننگوں میں33.61 کی اوسط اور65.51 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تین سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے874 رن بنائے تھے۔ وہ تین مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور326 منٹ میں242 بالوں پر چودہ چوکوں کی مدد سے154 رن ہے جو انہوں نے نومبر2005 میں انگلینڈ کے خلاف لاہور میں بنایا تھا۔ انہوں نے53 ٹسٹ میچوں میں کل چھ سنچریاں اسکور کی ہے۔
وسیم اکرم نے جو 104 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں ان میں وہ تین سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے ہیں ۔ ان میں سے دو سنچریاں انہوں نے آٹھویں مقام پر بلے بازی کرتے ہوئے بنائی ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے آٹھویں نمبر ہر جو53 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں انکی63 اننگوں میں23.73 کی اوسط کے ساتھ دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے1353 رن بنائے تھے۔ وہ دس مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور490 منٹ میں363 بالوں پر22 چوکوں اور بارہ چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر257 رن ہے جو انہوں نے شیخو پورہ میں اکتوبر1996 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں بنایا تھا۔ یہ اس مقام پر کسی بھی بلے باز کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔
اظہر محمو د نے21 ٹسٹ میچوں میں تین سنچریاں بنائی تھی جس میں سے ایک انہوں نے آٹھویں مقام پر بلے بازی کرتے ہوئے بنائی تھی۔جنوبی افریقہ کے خلاف راولپنڈی میں اکتوبر 1997 میں انہوں نے اپنا پہلا ٹسٹ کھیلا تھا جس میں آٹھویں مقام پر بلے بازی کرتے ہوئے وہ350 منٹ میں267 بالوں پر گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے128 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔انہوں نے چار ٹسٹ میچوں میں آٹھویں نمبر پر بلے بازی کی تھی۔
اعجاز فقیہ، عمران جان، امتیاز احمد، معین خان، ثقلین مشتاق اور یاس شاہ بھی آٹھویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے سنچری بنانے والے پاکستانی بلے باز ہیں۔ امتیاز احمد نے اس مقام پر بلے بازی کرتے ہوئے ڈبل سنچری بنانے والے پاکستان کے پہلے بلے باز تھے۔
اپنی اس سنچری کے دوران سلمان آغا ٹسٹ کرکٹ میں اپنے ایک ہزار بھی مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پاکستان کی اننگ کے اختتام تک دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے جو15 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں انکی28 اننگوں میں46.95 کی اوسط اور64.04 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تین سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے1033 رن بنائے ہیں۔ وہ دو مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر132 رن ہے جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف کولمبو میں جولائی 2023 میں بنایا تھا۔ یہ سنچری انہوں نے ساتویں مقام پر بلے بازی کرتے ہوئے بنائی تھی۔ انکی پہلی سنچری بھی ساتویں مقام پر بلے بازی کرتے ہوئے بنائی تھی۔












