پٹنہ ،پریس ریلیز،ہماراسماج: بہار قانون ساز اسمبلی کے خصوصی سیشن کے دوران جے ڈی یو قانون سازیہ پارٹی کے سینئر لیڈر اور ممتاز سیاست داں شرون کمار نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے نئی حکومت کے تئیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اورسابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں گزشتہ دو دہائیوں میں ہونے والی بے مثال ترقی کا تفصیلی ذکر کیا۔شرون کمار نے اپنے خطاب میں نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور نئی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی انتھک محنت اور دور اندیشی سے بہار کو بلندیوں پر پہنچایا ہے، مجھے پوری امید ہے کہ سمراٹ چودھری ان کے کاموں کو مزید آگے بڑھائیں گے اور ایک خوشحال بہار کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔شرون کمار نےماضی اور حال کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ 2005 سے پہلے بہار کی تصویر انتہائی بھیانک تھی۔ اس دور میں ریاست خوف اور جرائم کی علامت بن چکی تھی۔انہوں نے یاد دلایا کہ پہلے جب بھی ریڈیو یا میڈیا پر جرائم اور اغوا کی خبریں آتی تھیں، تو لوگوں کے ذہن میں سب سے پہلے بہار کا نام آتا تھا۔ بہار ایک بدنام ریاست بن چکی تھی جہاں قانون کی حکمرانی ختم تھی۔جب کہ نتیش کمار کے 21 سالہ دور اقتدار نے بہار کا چہرہ بدل دیا ہے۔ آج حالات یہ ہیں کہ ملک ہو یا بیرون ملک، کہیں بھی ’بہاری‘ کہلوانا شرمندگی نہیں بلکہ فخر کی بات سمجھی جاتی ہے۔ شرون کمار نے کہا کہ نتیش کمار نے نہ صرف سڑکوں، بجلی اور پانی کے بنیادی ڈھانچے کو درست کیا، بلکہ ریاست میں ’قانون کے ذریعے قانون کی حکمرانی‘ قائم کی۔ ان کی قیادت میں بہار نے تعلیم، صحت اور خواتین کی خود مختاری کے شعبوں میں جو سنگ میل طے کیے ہیں، وہ پورے ملک کے لیے ایک مثال ہیں۔ انہوں نےامید ظاہر کی کہ نئی حکومت نتیش کمارکے کاموں کو آگے بڑھائے گی اوربہار کے ترقی کے اس سفر کو رکنے نہیں دے گی۔












