پٹنہ، 22 جنوری : وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج سمادھان یاترا کے دوران نوادہ ضلع میں مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے نوادہ ضلع کے تحت نوادہ بلاک کے بھگوان پور پنچایت کے کبیر پور گائوں کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے بھگوان پور گاو ں میں ڈائریکٹوریٹ آف ہارٹیکلچر کی طرف سے منعقدہ نمائش، چھوٹے آبپاشی سسٹم کے تحت آلو اور گندم کی کاشت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ضلع باغبانی ڈیولپمنٹ کمیٹی نوادہ، ڈسٹرکٹ ہارٹیکلچر آفس نوادہ کے زیر اہتمام نمائش میں آرگینک طور پر تیار کردہ مشروم، پان کی پتی، کیلا، پپیتا وغیرہ کا مشاہدہ کیا اور کاشت کاروں سے بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ نے پالی ہاو س میں ہائیڈرو فونک فارمنگ کے ذریعے لیٹس؍بیلس کی کھیتی، نامیاتی طور پر تیار کردہ ٹماٹر، امرود، مولی، بیگن وغیرہ کی کاشت کے بارے میں کاشتکاروں سے معلومات لیں۔ وزیر اعلیٰ نے کمیونٹی ہال کبیر پور میں بہار مہادلت ڈیولپمنٹ مشن کے تحت چلائے جانے والے بھارتی کشور گروپ کی لڑکیوں سے گفتگو کی۔وزیر اعلی مسٹر کمار نے کبیر پور گائو ں کا دورہ کے دوران وزیراعلی گرامین سولر لائٹ منصوبہ، جل-جیون-ہریالی مہم، ہر گھر نل کا جل، ہر گھر پکی گلی اور نالی اسکیم کے تحت مرمت شدہ کنوو ں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے مسلسل روزگار اسکیم کے مستفیدین کی طرف سے کھولی گئی راشن؍میک اپ کی دکانوں،اور گائے اور پولٹری فارمنگ کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے چیف منسٹر ادھمی منصوبہ کے مستفیدین کو موقع پر ہی چیک دیا۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صنعت کی جانب سے منعقدہ نمائش کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل کاروباری اسکیم، چیف منسٹر ویمن انٹرپرینیور اسکیم وغیرہ کے سلسلے میں دیئے گئے فوائد کے بارے میں افسران سے جانکاری لی۔وزیر اعلیٰ نے مختلف جیویکا گروپ کی دیدیوں کی طرف سے لگائی گئی نمائش کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مسلسل معاش اسکیم کے تحت 545 مستفید خاندانوں کو 1 کروڑ 91 لاکھ روپے کا چیک اور جیویکا دیدی کو مسلسل روزگار اسکیم کے لیے ایک کٹ دی۔وزیراعلی نے چیف منسٹر انٹر کاسٹ میرج پروموشن گرانٹ اسکیم، چیف منسٹر ڈس ایبلڈ میرج پروموشن گرانٹ اسکیم،وزیراعلی اقلیتی روزگارقرض اسکیم، وزیراقلیتی اسٹوڈنٹ پروموشن اسکیم کے مستفیدین کو چیک دئیے ۔ انہوں نے بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم کے مستفیدین اور اسکلڈ یوتھ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طلبا کو سرٹیفکیٹ دیئے ۔
انہوں نے پرائمری اسکول کبیر پور میں سات عزائم منصوبہ-2 کے تحت مہادلت، دلت، اقلیتی اور انتہائی پسماندہ طبقے کے اکشر آنچل منصوبہ کے تحت منعقد کیے گئے ساکشر ساکھی مہم کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے بنیادی خواندگی کا امتحان پاس کرنے والی دیدیوں کو سرٹیفکیٹ دیا۔وزیر اعلیٰ نے پنچایت سرکاربھون بھگوان پورکے قریب مربوط فش-کم-ڈک فارمنگ کا جائزہ لیا اور افسران سے تفصیلی جانکاری لی۔ انہوں نے لائبریری اور محکمہ زراعت کی جانب سے زرعی مشینری سے متعلق لگائی گئی نمائش کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو رعایتی شرح پر دی جانے والی زرعی مشینری کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے تاکہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے ۔ لوگوں کو دھان کاٹنے والی مشین کے بارے میں آگاہ کریں۔ اس سے کٹائی کئے چاول کا معیار بہت بہترہوتا ہے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم تمام اضلاع میں جا کر ہر چیز کی جانچ کر رہے ہیں۔ یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کہاں اور کتنا کام ہوا ہے ۔مسٹر کمار نے کہاکہ یاترا کا مطلب سرکاری منصوبوں کو زمینی سطح پر سمجھناہے ، اسی سلسلے میں ہم لوگوں سے مل رہے اس سے ترقیاتی منصوبوں کے نفاذکو رفتار ملتی ہے ۔ غریب اور پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے جو کام کیا جا رہا ہے اس سے انہیں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ کہیں جاتے ہوئے اگر پتہ چلے کہ یہاں کام نہیں ہو رہا ہے تو ساتھ ہی ڈی ایم سے اسے دیکھنے کو کہتے ہیں۔ اس بار کم بارش کی وجہ سے بہار کے 9 اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ہم نے ان علاقوں کا فضائی سروے کیا تھا اور کچھ جگہوں پر جاکر بھی دیکھا تھا۔کم بارش کے سبب جو کسان کھیتی نہیں کرپائے تھے ان کو جو مدد دینی تھی ہم لوگ دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ جو کچھ بھی تیار کیا گیا ہے اس کی خریداری کا کام بھی جاری ہے ۔ مزید کیا کرنے کی ضرورت ہے یہ بھی دیکھا جا رہا ہے ۔ نوادہ میں گنگا کا پانی پہنچنے کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہت جلد گنگا کا پانی نوادہ کے ہر گھر تک پہنچ جائے گا۔ اس سال چند ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ ہم نے تجویز دیا ہے کہ گنگا کے پانی کو کس راستے لے جایا جائے ۔ گنگا کاپانی پہنچانے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔












