ریاض،(یواین آئی )سعودی عرب کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہو گیا ہے کیونکہ نوجوان باکسر نایف الغزوانی نے باقاعدہ طور پر یوتھ اولمپک گیمز 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ سعودی عرب کا کوئی باکسر اولمپک سطح کے مقابلوں کے لیے منتخب ہوا ہے۔نایف الغزوانی کی یہ کامیابی محض ایک اتفاق نہیں بلکہ سعودی باکسنگ فیڈریشن کے اس جامع اسٹریٹجک روڈ میپ کا نتیجہ ہے جو ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔اس سفر کا آغاز ‘کنگڈم بیلٹ چیمپئن شپ سے ہوا جہاں نوجوان باصلاحیت باکسرز کی نشاندہی کی گئی۔ منتخب کھلاڑیوں کو مائیک ٹائسن کلب میں فیڈریشن کے ماہر کوچز کی زیرِ نگرانی سخت تربیت دی گئی، جس کے بعد تھائی لینڈ میں ایک تربیتی کیمپ لگایا گیا تاکہ کھلاڑیوں کی تکنیکی اور جسمانی مہارت کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا سکے۔الغزوانی نے اپنی اولمپک برتھ اس وقت یقینی بنائی جب انہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ‘انڈر 19 ورلڈ باکسنگ فیوچر کپ میں اٹلی کے طاقتور باکسر فرانسسکو زونائل کو شکست دی۔ اس فتح نے ان کے لیے سینیگال کے شہر ڈکار کے دروازے کھول دیے۔یوتھ اولمپک گیمز سینیگال کے دارالحکومت ڈ کار میں 31 اکتوبر سے 13 نومبر 2026 تک منعقد ہوں گے۔












