واشنگٹن(ہ س)۔امریکی ہوائی اڈوں پر سکریننگ کے دوران مسافروں کو اب اپنے جوتے اتارنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) نے دو دہائیوں کے بعد سکیورٹی چیکنگ کے لیے جوتے اتارنے کی پالیسی ختم کر دی ہے۔ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر کرسٹی نوئم نے کہا کہ یہ تبدیلی امریکہ کے تمام ہوائی اڈوں پر فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے، حالانکہ جانچ پڑتال کا ایک ’مکمل اور تفصیلی‘ عمل برقرار رہے گا۔نوئم نے کہا کہ ’ہوائی اڈوں پر مسافروں کو چیکنگ کے دوران اب بھی اپنی بیلٹ اور کوٹ اتارنے ہوں گے۔ لیپ ٹاپ اور اور دیگر سامان کو بیگ سے باہر نکالنا ہوگا لیکن ان قواعد پر بھی نظر ثانی کی جا رہی ہے۔دسمبر 2001 میں ایک برطانوی شہری نے پیرس سے میامی جانے والی پرواز میں اپنے جوتے میں بم چھپا رکھا تھا۔ تاہم برطانوی شہری بم کو دھماکے سے اڑانے میں ناکام رہا اور مسافروں نے اسے پکڑ لیا۔ اس کے بعد طیارہ بوسٹن میں بحفاظت اتر لیا گیا تھا۔اس واقعے کے بعد امریکا نے سنہ 2006 میں مسافروں کی سکیورٹی چیکنگ کے لیے جوتے اتارنے کا اصول نافذ کیا تھا۔منگل کے روز نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نوم نے کہا کہ ’ہماری سکیورٹی ٹیکنالوجی میں بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں۔ یہ نظام جدید اور اب بہت ترقی کر چکا ہے جسے مدِ نظر رکھتے ہوئے اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔












