نئی دہلی،پریس ریلیز،ہمارا سماج : حج بیت اللہ کی ادائیگی کے لیے ہندوستان کے 17 مختلف شہروں سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے وہیں شمالی ہندوستان کے سب سے بڑے حج امبارکیسن پوائنٹ ملک کے دارالحکومت دہلی سے مقدس سفر حج کے لیے پہلے مرحلے میں شہر رسول مدینہ منورہ کے لیے گزشتہ 18 اپریل سے شروع ہونے والی حج پر پروازوں کا پہلا مرحلہ 4 مئی کی صبح 9 بج کر 45 منٹ پر دلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ٹرمینل 3 سے روانہ ہونے والی سعودی عربیہ ایر لاین کی پرواز نمبر ایس وی 5909 کی روانگی کے ساتھ مکمل ہوگیا۔ اب حج پروازوں کے دوسرے مرحلے میں 6 مئی سے جدہ کے لیے حج پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگا اور 20 مئی کو آخری حج پرواز کی روانگی تک جاری رہے گا۔ اس درمیان 18 اپریل سے 4 مئی تک 31 پروازوں کے ذریعے12187عازمین حج مدینہ منورہ پہونچ چکے ہیں۔ جس میں مرد عازمین 6226اور خواتین5661شامل ہیں۔ مدینہ میں آٹھ دنوں کے قیام کے بعد مکہ مکرمہ کی روانگی کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ دوسرے مرحلے میں سعودی عربیہ ایر لائین کے 23 پروازوں سے جدہ کے راستے مکہ مکرمہ جانے والے 8855 عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوگا۔ اس سال حج 2026 کے لیے پورے ملک سے حج کے لیے جانے والے 175025 عازمین میں دلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام دلی سے روانہ ہونے والے21100عازمین حج میں 20ریاستوں کے عازمین شامل ہیں۔ان ریاستوں میں دلی، مغربی اتر پردیش،بہار۔ پنجاب،ہریانہ،اترا کھنڈ اورجموں کشمیر ریاستیں قابل ذکر ہیں۔












