بلند شہر ،ناظم بیگ ؍سماج نیوز سروس: جمعیت اہل حدیث سکندرآباد بلند شہر کے زیر اہتمام جامع مسجد اہل حدیث چوک والی انصاریان میں بعد نماز مغرب ایک عظیم الشان دینی و اصلاحی جلسہ منعقد ہوا ۔جس کا آغاز حافظ محمد یشب کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ اس کے بعد مولانا اسلام فیضی خطیب محمدی مسجد نئی بستی نے ایک دعائیہ نظم پیش کی ۔پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا رفیق عالم ریا ضی نے انجام دیے ۔ اس موقع پر دہلی سے تشر یف لائے مہمان مقرر شیخ کمال الدین سنابلی حفظہ اللہ نے والدین کی خدمت و اطا عت پر قر آن وحدیث کی روشنی میں خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں متعدد مقامات پر اپنا حق اور والدین کے حقوق کو ایک ساتھ جوڑ کے بیان کیا ہے، یہ والدین کے بلند مقام کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماں باپ کی خدمت دخول جنت کا راستہ اور ان کی ناقدری کرنا باعث وبال اور اللہ تعالیٰ کو ناراض کرنے والا عمل ہے ۔مو صو ف نے قرآن مجید کی آیت کے حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ماں باپ کو گالی گلوج کرنا ،ستانا پریشان کرنا تو دور اْف تک کہنا بھی منع ہے۔ اس کے بعدجامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ممتاز عالم دین ومعروف خطیب سید معراج ربانی حفظہ اللہ نے عقیدے کی اصلاح کے موضو ع پر خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ عمل صالح کا اہتمام اور اخلاق ومعاملات کی درستگی کو ہمیں اپنی زندگیوں میں شا مل کر نا بہت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ انہیں تین نکاتی لائحہ عمل پر چل کر ہی موجودہ حال زار سے نکل سکتی ہے اور اسی سے عظمت رفتہ بحال ہوگی۔ اس کے بعد دعاء کا اہتمام کیا گیا اور جلسے کے اختتام کااعلان ہوا ۔اس مو قع پر سکندرآباد اور بلند شہر سمیت قرب وجوار کے سینکڑوں عوام اور درجنوں علما وائمہ شامل رہے ۔آخر میں مولانا رفیق عالم ریا ضی نے مہمان علماء کرام اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔












