پھلواری شریف ، پریس ریلیز،ہمارا سماج:مفکر ملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی امیر شریعت بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کی ہدایت اور جناب مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کی ایما کے مطابق امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ، پھلواری شریف پٹنہ کی جانب سے مورخہ 10 مئی 2026ء کو ضلع روہتاس کے ڈہری آن سون میں دو اہم اجلاس منعقد ہونے جا رہے ہیں، جن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ امارتِ شرعیہ کے حضرات مبلغین گزشتہ پچیس دنوں سے پورے ضلع کی ایک ایک بستی کا مسلسل دورہ کر رہے ہیں اور عوام کو اجلاس کی اہمیت، ضرورت اور اس کے مقاصد سے آگاہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں عوام کے اندر بیداری پیدا کی جا رہی ہے اور لوگوں میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ ڈہری اون سون کے مشہور مقام انجنیئر للن سنگھ اسپورٹ کلب ذکی بیگھہ میں پہلا اجلاس صبح 9 بجے تا نمازِ ظہر منعقد ہوگا، جو ضلع بھر کے نقباء و نائبینِ نقباء پر مشتمل ایک خصوصی تربیتی اجلاس ہوگا۔ اس اجلاس میں حضرت امیرِ شریعت اور امارتِ شرعیہ کے دیگر ذمہ داران موجودہ حالات کے تناظر میں نقباء و نائبین کی ذمہ داریاں واضح کریں گے، تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امارتِ شرعیہ کی ملی ہدایات کو مؤثر انداز میں نافذ کر سکیں۔دوسرا اہم اجلاس 10 مئی کو اسی مقام پر بعد نمازِ مغرب منعقد ہوگا، جس میں ضلع بھر کے علماء، ائمہ کرام، مساجد کے متولیان، صدور و سکریٹری حضرات اور دانشورانِ ملت کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ اس اجلاس میں ضلع کے تنظیمی امور کو بہتر انداز میں انجام دینے کے طریقۂ کار پر گفتگو ہوگی۔ مکاتبِ دینیہ کے قیام و استحکام، مدارس کے نظام کو حالاتِ حاضرہ سے ہم آہنگ اور مزید مؤثر و مفید بنانے پر غور و خوض کیا جائے گا۔ اسی کے ساتھ موقوفہ جائیدادوں خصوصاً مساجد، عیدگاہوں اور قبرستانوں کے تحفظ پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔اجلاس میں مسلم بچیوں کے دین و ایمان کی حفاظت کے لیے مؤثر تدابیر پیش کی جائیں گی، نئی نسل کی دینی رہنمائی کے لیے لائحۂ عمل مرتب کیا جائے گا، اور پورے ضلع کو تنظیمی طور پر مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے بلاک و ضلع سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل اور ان کا اعلان بھی عمل میں آئے گا۔اس عظیم الشان اجلاس کی صدارت امارتِ شرعیہ کے امیرِ شریعت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب فرمائیں گے، جبکہ خصوصی خطابات مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی ناظم و صدر مفتی امارتِ شرعیہ، مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی قاضیِ شریعت مرکزی دارالقضا امارت شرعیہ، مولانا مفتی محمد سہراب ندوی نائب ناظم امارتِ شرعیہ، مولانا قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی معاون ناظم امارتِ شرعیہ اور دیگر اکابر علماء فرمائیں گے۔واضح رہے کہ اس پورے اجلاس کے کنوینر امارتِ شرعیہ کے قاضیِ شریعت مولانا احسان الحق قاسمی صاحب قاضی شریعت ضلع روہتاس وکیمورہیں۔ مجلسِ استقبالیہ اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے، جبکہ امارتِ شرعیہ کے مبلغین حضرات گزشتہ پچیس دنوں سے مسلسل گاؤں گاؤں پہنچ کر عوام میں بیداری پیدا کرنے اور اجلاس کے انتظامات کو مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔چنانچہ گزشتہ دن مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ نےضلع رہتاس پہنچ کر پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی جناب قاضی احسان الحق قاسمی ڈہری اون سون اور مجلس استقبالیہ کے اراکین کے ساتھ بیٹھ کر اجلاس کو ہراعتبارسے کامیاب بنانے پر غور و خوض کیا۔دورہ کرنے والے مبلغین میں مولانا مزمل حسین قاسمی، مولانا رفیع احمد ندوی، مولانا عبدالجبار حسامی، مولانا خالد انور قاسمی، مولانا نعمان احمد قاسمی، مولانا عثمان رحیمی، مولانا نوشاد قاسمی، مولانا فیروز صاحب اور حافظ شفیع اللہ صاحب کے نام خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔پورے اجلاس کی عمومی نگرانی جناب مولانا مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ و انچارج شعبہ تنظیم اورتیاری جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی معاون ناظم امارت شرعیہ کر رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائیں کہ اللہ تعالی ہونے والے اس اجلاس کو کامیاب اور بامقصد بنائے۔ آمین۔












