زاہد آزاد جھنڈا نگری
سدھارتھ نگر،مرکز التوحیدجامعہ خدیجۃ الکبریٰ، کرشنا نگرنیپال سے 35 سال سے شائع ہونے والے سب سے قدیم اردو مجلہ ماہنامہ ’’نورتوحید‘‘ کا خصوصی شمارہ ’’بیاد شیخ محمد عزیر شمس ‘‘کا رسم اجراء عمل میں آیا، اس موقع پر صدر مرکز التوحید ناظم جامعہ خدیجۃ الکبریٰ فضیلۃ الشیخ عبدالعظیم مدنی جھنڈانگری حفظہ اللہ، مہتمم جامعہ ڈاکٹر سعید احمدصاحب اثری، مولانا مطیع اللہ حقیق اللہ مدنی مدیر نور توحید، مولانا عبدالقیوم مدنی ، مولانا عبدالنور سراجی، مولانا محمد اکرم عالیاوی ، الحاج عبد السلام جھنڈانگری، ابراہیم شاکر اور دیگر موجود تھے۔صدر مرکز نے کہا عالم اسلام کی عظیم علمی وتحقیقی وقد آور شخصیت حضرت علامہ شیخ محمد عزیر شمس رحمہ اللہ کی تھی، اسلامی تاریخ ،رجال حدیث اور مخطوطات پر انھیں کامل عبور حاصل تھا، اللہ رب العالمین نے انھیں ذہانت وفتانت سے نوازا تھا، آپ نے اس نعمت کی قدر فرمائی اور اسے شرعی امور کی انجام دہی میں استعمال کیا، ماہنامہ ’’نورتوحید‘‘ کی اس خصوصی اشاعت کا اہتمام ان کی علمی شخصیت کا تعارف اور ان کی علمی خدمات کا اعتراف اور انھیں خراج عقیدت بھی ہے۔ مولانا مطیع اللہ مدنی نے کہا کہ شیخ محمد عزیر شمس ایک عبقری ٔزمانہ علامۂ یگانہ عظیم محقق تھے ، ایسے نابغۂ وقت کا وجود دنیائے ہستی میں کم ہی ہوتا ہے ، طلبا وعلما کو چاہیے کہ ان کی تصنیفات و تحقیقات سے استفادہ کریں۔ڈاکٹر سعید احمد اثری نے کہا کہ شیخ محمد عزیر شمس رحمہ اللہ کی شخصیت علمی وتحقیقی دنیا میں معروف ومشہور تھی، مختلف علوم وفنون میں دسترس رکھنے کے ساتھ ساتھ تحقیق کی دنیا میں نمایاں خدمات انجام دیں، اللہ رب العالمین ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام سے نوازے۔












