لندن، (یو این آئی) انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس رخسار (گال) کی ٹوٹی ہوئی ہڈی کی سرجری کے بعد اب بھی صحت یابی کے عمل میں ہیں اور جیسا کہ طے تھا، وہ اگلے ہفتے ڈرہم کے لیے نہیں کھیلیں گے۔34 سالہ اسٹوکس کو فروری کے آغاز میں ڈرہم اکیڈمی کے کھلاڑیوں کے ساتھ نیٹس میں مشق کرتے ہوئے گیند لگ گئی تھی، جس کے ایک ہفتے بعد ان کی سرجری ہوئی۔ کوچ ریان کیمبل نے بتایا کہ اسٹوکس جمعہ سے کینٹ کے خلاف شروع ہونے والا سیزن کا پہلا میچ کھیلنے والے تھے، لیکن کلب اب بھی ماہرین سے منظوری ملنے کا انتظار کر رہا ہے۔کیمبل نے کہا کہ انہیں امید نہیں ہے کہ یہ آل راؤنڈر 8 مئی سے ورسیسٹر شائر کے خلاف ہونے والے میچوں اور 15 مئی سے بیکنہم میں کینٹ کے خلاف ہونے والے واپسی میچ سے پہلے کھیل پائے گا۔ اگر اسٹوکس اس سے پہلے واپسی نہیں کرتے ہیں، تو انگلینڈ کے 4 جون سے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے موسم گرما کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل، یہی ان کے واحد ریڈ بال کاؤنٹی میچ ہوں گے۔کیمبل نے کہا کہ (یہ واقعہ) بہت خوفناک ہو سکتا تھا۔ آپ کی سوچ سے بھی کہیں زیادہ برا۔ اگر گیند کچھ سینٹی میٹر الگ سمت میں لگتی، تو وہ ان کی آنکھ میں لگ سکتی تھی اور نتیجہ کچھ اور ہو سکتا تھا۔ گیند بہت زور سے لگی تھی۔ ہم بس خوش قسمت ہیں کہ وہ اس چوٹ سے بچ گئے۔”












