سمستی پور، پریس ریلیز: جو قوم اپنی ملی و تہذیبی شناخت کو مٹا دیتی ہے وہ زیادہ دنوں تک باعزت قوم کی حیثیت سے زندہ نہیں رہتی،بہ حیثیت امت مسلمہ ہم سب باشعور ملت کی حیثیت سے زندگی گزاریں اور خارجی خطرات اور اندیشوں سے ڈرے بغیر اسلامی تہذیب و شناخت پر مضبوطی سے قائم رہیں،یہ باتیں ضلع سمستی پور کے حسن پور بلاک میں واقع اوجان،بڑاھی اور بیلون کے مختلف اجتماعات سے قائد وفد مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت امارت شرعیہ نے کہیں،ان دنوں امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کا ایک موقردعوتی و اصلاحی وفد امیر شریعت مفکر ملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی اور ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا مفتی سعید الرحمن قاسمی کی ہدایات پر ضلع دربھنگہ و سمستی پور کے دورے پر ہے،جس کی قیادت مولانا و مفتی وصی احمد قاسمی کر رہے ہیں ،قائد وفد نے مسلمانوں سے کہا کہ ملک کے حالات سے ہمیں دل براشتہ نہیں ہونا چاہیے،زندہ قوموں پر اس طرح کے حالات پیش آتے رہتے ہیں ،ہمیں ایمانی جذبے اور اجتماعی قوت سے ان حالات کے رخ کو موڑنا ہے،جناب مولانا رضوان احمد ندوی معاون ناظم امارت شرعیہ و نائب مدیر ہفت روزہ نقیب نے کہا کہ اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں کامیابی و نجاح کے لیے مؤمن کامل بننے اور کردار و عمل کو صالح بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ اسی کے ذریعہ دنیا و آخرت میں کامیابی مل سکتی ہے،دارالقضاء امارت شرعیہ مدرسہ رحمانیہ سوپول کے قاضی شریعت مولانا ابو شاہد قاسمی صاحب نے کہا کہ ایمان کے بعد نظام عدل و انصاف کو قائم کرنا ایمان کا اہم حصہ ہے،انہیں بنیادوں پر ہمارے اکابر نے بہار اڈیشہ جھارکھنڈ و مغربی بنگال میں سو سے زائد دارالقضا قائم کیا،مولانا و مفتی آفتاب عالم قاسمی استاذ حدیث و فقہ دارالعلوم الاسلامیہ امارت شرعیہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بے حیائی غیر معمولی حد تک بڑھتی جا رہی ہے،سماج کے ذمہ دار اصحاب کو ان برائیوں پر قابو پانے کے لیے حکمت و تدبر اختیار کرنی چاہیے تاکہ ہمارا معاشرہ صالح اسلامی معاشرہ بن سکے،دارالقضا بردونی کے قاضی شریعت مولانا شمس الضحیٰ قاسمی نے دارالقضا کی شرعی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے باہمی جھگڑے اور معاشرتی تنازعات کو دارالقضا کے ذریعہ حل کرانا چاہیے، تاکہ ان کی زندگی شرعی طور پر گزر سکے،مولانا شعیب عالم قاسمی مبلغ امارت شرعیہ نے امارت شرعیہ کی خدمات اور حالیہ سرگرمیوں سے عوام کو روشناس کرایا،انہوں نے شرکاء وفد کا تعارف کراتے ہوئے امارت شرعیہ سے وابستہ رہ کر ایک امیر کے ماتحت متحد و منظم ہو کر اجتماعی زندگی گزارنے کی تلقین کی،حافظ عبد الحق صاحب رحمانی ہر جگہ اجلاس کو کامیاب بنانے میں کوشش کرتے رہے وفد کا ہر جگہ عوام پر تپاک استقبال کر رہی ہے اور امارت شرعیہ سے اپنی محبت و وارفتگی کا اظہار کر رہے ہے، امارت شرعیہ کا یہ دورہ ان شاءاللہ 22/مئی تک جاری رہے گا۔












