علی گڑھ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ) میں ای این ٹی شعبہ کے ڈاکٹروں نے دو بچوں کی کوشلیئر امپلانٹ سرجری کامیابی کے ساتھ کی ۔یہ سرجری علی یاور جنگ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسپیچ اینڈ ہیئرنگ ڈس ایبلٹیز (دوّیانگجن) ، حکومت ہند کے ساتھ یاد داشت مفاہمت (ایم او ای) کے تحت کی گئی ۔دو بچوں فاطمہ (3 سال) اور سعد (5 سال) کا آپریشن ڈاکٹر آفتاب احمد نے پروفیسر راکیش کمار (ایمس، نئی دہلی) کی سرپرستی میں کیا، جب کہ ڈاکٹر عبدالرحمٰن اور ڈاکٹر دانش احمد خاں (ایس آر) نے ان کی مدد کی۔ پروفیسر ایس معید احمد اور ان کی ٹیم نے اینستھیسیا دیا۔دریں اثنا، پروفیسر راکیش کمار (اوٹولیرنگولوجی اینڈ ہیڈ اینڈ نیک سرجری شعبہ، ایمس، نئی دہلی) نے پیدائشی بہرے پن کی تشخیص اور علاج پر ایک توسیعی خطبہ دیا۔ڈاکٹر اروند کمار (اوٹولیرنگولوجی اینڈ ہیڈ اینڈ نیک سرجری شعبہ، ایمس، نئی دہلی) نے کوشلیئر امپلانٹ سرجری کے عملی پہلوؤں پر گفتگو کی۔پروفیسر ایس سی شرما (سابق چیئرمین، شعبہ ای این ٹی، اے ایم یو) نے جے این میڈیکل کالج میں کوشکلیئر امپلانٹ کے آغاز اور پیش رفت پر روشنی ڈالی اور دو بچوں کی کامیاب سرجری پر ڈاکٹروں کو مبارکباد پیش کی۔پروفیسر وینا مہیشوری (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) نے کوشلیئر امپلانٹ شروع کرنے اور اتر پردیش میں چوتھا سرکاری مرکز بننے کے لیے ای این ٹی شعبہ کو مبارکباد دی۔پروفیسر راکیش بھارگو (پرنسپل اور سی ایم ایس، جے این ایم سی ایچ) نے معاشرے میں بہرے پن کے بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا اور قوت سماعت کے تحفظ کے طریقوں پر زور دیا۔ای این ٹی شعبہ کے چیئر مین پروفیسر محمد آفتاب نے پیدائشی بہرے پن کی جلد تشخیص اور فوری علاج کی ضرورت پر گفتگو کی۔












