حیدرآباد، ( یو این آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے سیزن میں مشکلات کا شکار سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے۔ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ڈیوڈ پین ٹخنے کی شدید چوٹ کے باعث ٹورنامنٹ کے بقیہ میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔35 سالہ ڈیوڈ پین کو ٹیم میں جیک ایڈورڈز کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا تھا، جو خود پاؤں کی چوٹ کی وجہ سے باہر ہوئے تھے۔ پین نے اس سیزن میں صرف دو میچ کھیلے۔رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف 35 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 35 رنز دیے مگر کوئی وکٹ نہ لے سکے۔2016 کی چیمپئن ٹیم اس وقت "انجری کرائسز” سے گزر رہی ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ کے آل راؤنڈر برائیڈن کارس بھی ہاتھ کی چوٹ کی وجہ سے سیزن شروع ہونے سے پہلے ہی باہر ہو گئے تھے، جن کی جگہ سری لنکا کے دلشان مدوشنکا کو شامل کیا گیا تھا۔چوٹوں کی اس بارش کے درمیان حیدرآباد کے لیے ایک خوش آئند خبر بھی سامنے آئی ہے۔ ٹیم کے باقاعدہ کپتان پیٹ کمنز کو سڈنی میں اپنی کمر کے اسکین کے بعد طبی ماہرین نے دوبارہ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔کمنز، جنہوں نے اس سیزن میں اب تک کوئی میچ نہیں کھیلا، توقع ہے کہ وہ 25 اپریل کو جے پور میں راجستھان رائلز کے خلاف ہونے والے اہم مقابلے میں ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے۔












