علی گڑھ،سماج نیوز سروس: طا لبات کے لیے تیراکی سیکھنا اور اس میں مہارت حاصل کرنا خود اعتمادی میں اضافے کا سبب ہے، جوزندگی کے ہر میدان میں ضروری ہے۔ اسی لیے ویمنس کالج میں سوئمنگ پول کا بہترین انتظام کیا گیا ہے تاکہ ہماری بچیاں محفوظ طریقے سے تیراکی کر سکیں‘‘۔ یہ باتیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ویمنس کالج میں سوئمنگ پول میں سوئمنگ سرگرمیوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے اسے خواتین کی خود مختاری اور خود کفالت کی جانب بڑھتا ہوا ایک مضبوط قدم بتایا۔ پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ یہ سوئمنگ پول، پاپا میاں شیخ عبد اللہ کے خوابوں کی تعبیر ہے، انہوں نے اپنی خود نوشت میں اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ برطانیہ کی طرح یہاں بھی ہماری بچیوں کے لیے سوئمنگ پول ہو ۔ آج ان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگیا جو بہت خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں یونیورسٹی اور کالج کے بانیوں کے خوابوں کو سچ کر دکھانا ہے جس لیے سخت محنت اور جدوجہد کی ضرورت ہے۔ ویمنس کالج میں سوئمنگ سرگرمیوں کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے مہمان خاص ایس ایس پی علی گڑھ کی اہلیہ محترمہ پرتیکشا سنگھ جادون، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خاں، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر، پراکٹرپروفیسر محمد نوید خاں، پرنسپل پروفیسر مسعود انور علوی ، سوئمنگ کلب کے صدر پروفیسر فضل الرحمن، جمخانہ کلب کی صدر پروفیسر عفت اصغر ، پرووسٹ عبداللہ ہال پروفیسر شیبا جیلانی ، دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما، یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ، ممبر انچارج لینڈ اینڈ گارنز پروفیسر انور شہزاد اور اے ایم یو سینئر سکنڈری اسکول گرلز کی پرنسپل مسز نغمہ عرفان کی موجودگی میں عمل میں آیا۔ وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ ویمنس کالج میں سوئمنگ پول کا ہونا یقینی طور پر بہت بڑی بات ہے، یہ اولمپک سائز کا سوئمنگ پول ہے، یہ اس لیے بنایا گیا ہے تاکہ ہماری بچیوں کو بین الاقوامی سطح کی سہولیات فراہم ہوسکیں کیونکہ تیراکی صحت کے لیے بہت ضروری ہے جس سے ڈپریشن اور تناؤ کم ہوتا ہے۔ طالبات کے لیے امتحانات کے دباؤ میں یہ بہترین تھراپی ہے۔ سوئمنگ چونکہ ایک ورزش ہے اس لیے اس سے طالبات کی مجموعی علمی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیراکی جسمانی، ذہنی اور تعلیمی اعتبار سے بہت فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ یہ پورے جسم کو ورزش دیتی ہے، جوڑوں پر دباؤ نہیں ڈالتی اور طالبات کی مصروف زندگی ،پڑھائی، امتحانات اور روزمرہ کے دباؤ میں آرام اور توانائی کا ذریعہ ہے۔ محترمہ پرتیکشا سنگھ جادون نے کہا کہ طالبات کے سوئمنگ پول کا اہتمام کیا جانا بہت اچھا اور قابل تعریف قدم ہے۔ اس سے بہت فائدہ ہوگا، یہ ان کی ذہنی و جسمانی طاقت کے لیے بہت ضروری ہے۔ پرنسپل پروفیسر مسعود انور علوی نے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تیراکی ایک جسمانی ورزش ہے جو طالبات کے لیے مفید ہے، اس سے صحت ذہنی و دماغی نشوونما بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ آپ سوئمنگ ضرور جوائن کریں یہ بہت مفید ثابت ہوگی کیونکہ یہ آپ کی پڑھائی اور صحت دونوں کے لیے بہتر ہے۔ یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر یوسف الزماں خاں نے بتایا کہ سوئمنگ پول 50×25 میٹر کا ہے اور ٹرینیز کی مدد کے لئے دو خاتون کوچیز اور دو لائف گارڈز ہیں۔ پروفیسر فضل الرحمٰن نے سوئمنگ پول کو فعال بنانے کے لئے بلڈنگ ڈپارٹمنٹ اور لینڈ اینڈ گارڈنز کا شکریہ ادا کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر تین طالبات سمیہ، جویریہ اور زائنا نے اپنی سوئمنگ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔












