کانپور ،سماج نیوز سروس: نسل نو کی ایمانی و اخلاقی حفاظت اور مکاتبِ دینیہ کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید فعال و مستحکم بنانے کے مقصد سے، دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیرِ اہتمام جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں ایک اہم مشاورتی نشست مفتی عبدالرشید رضا قاسمی صدر دینی تعلیمی بورڈ کانپورکی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ نشست کا باقاعدہ آغاز قاری مجیب اللہ عرفانی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد جمعیۃ علماء اتر پردیش کے ناظمِ اعلیٰ مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے بارگاہ رسالت میں نعت نبی پیش کی۔ نشست میں کلیدی خطاب کرتے ہوئے مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے فرمایا کہ آج کے پرفتن دور میں سب سے بڑی اور اہم ذمہ داری اساتذہ کرام پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ اساتذہ ہی نسل نو کے حقیقی معمار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی اور فکری چیلنجز کے پیش نظر محض کتاب پڑھا دینا کافی نہیں، بلکہ بچوں کے اندر ٹھوس اسلامی فکر، دینی حمیت اور اخلاقی پختگی پیدا کرنا اساتذہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ مولانا نے فرمایا کہ کوئی بچہ اگر ایک یا دو سال بھی مکتب میں آتا ہے، تو اسے عقیدے اور اخلاق کے اعتبار سے اتنا پختہ کر دیا جائے کہ وہ ایک سچا اور چلتا پھرتا مسلمان نظر آئے۔ اگرچہ شہر میں مختلف مکاتب اپنے اپنے نظام اور نصاب کے تحت چل رہے ہیں، لیکن ہم سب ایک ہی کشتی کے سوار ہیں اور سب کا بنیادی مقصد رضائے الٰہی اور نسل نو کا تحفظ ہے۔ قبل ازیں دینی تعلیمی بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا انصار احمد جامعی نے نشست کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ وقتاً فوقتاً ’تدریب المعلمین‘ (اساتذہ کی ٹریننگ) کا اہتمام کرنا دینی تعلیمی بورڈ کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے، تاکہ اساتذہ کو جدید طریقہ تدریس اور بچوں کی نفسیات کے مطابق تعلیم و تربیت دینے کے گر سکھائے جا سکیں۔ نشست میں شریک تمام علماء کرام اور مکاتب کے ذمہ داران نے باہمی غور و خوض اور طویل مشاورت کے بعد یہ متفقہ فیصلہ کیا کہ اساتذہ میں بیداری اور طریقہ تدریس میں نکھار پیدا کرنے کے لیے16/ مئی کو شہرِ کانپور میں ایک عظیم الشان ’ایک روزہ تربیتی ورکشاپ‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس ورکشاپ میں مکاتبِ دینیہ کے اساتذہ، مساجد کے ائمہ اور بالخصوص پرائیویٹ ٹیوشن پڑھانے والے حضرات کو مدعو کیا جائے گا، جہاں ماہرین تعلیم ان کی فنی، اخلاقی اور تربیتی رہنمائی فرمائیں گے۔ اس اہم مشاورتی نشست میں جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں،مولانا احمد فراز ندوی، حافظ محمد فیضان، مفتی محمد سعید خاں قاسمی، مولانا محمد اسلام قاسمی، مولانا محمد طاہر قاسمی، مولانا انیس الرحمن قاسمی، مولانا محمد عقیل جامعی، قاری عبد المعید چودھری، مفتی اظہار مکرم قاسمی، حافظ پرویز، مولانا شرف عالم ثاقبی، حافظ محمد سلمان جامعی، قاری محمد شفیق جامعی، مولانا شعیب مبین مظاہری اور مولانا معراج الحق جامعی سمیت شہر کے سرکردہ علماء کرام اور مکاتب کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ نشست کا اختتام صدر مجلس کی دعا پر ہوا۔












